24 فروری ، 2024
سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ اگر بلے کا نشان واپس نہ لیا گیا ہوتا تو سنی اتحاد کونسل اور مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) بھی بلے کے نشان پر انتخاب لڑتیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ 9 ماہ مفرور رہے ان پر کئی مقدمات درج تھے، بلے کا نشان واپس لے لیا گیا تو انہوں نے خود بھی آزاد حیثیت میں الیکشن لڑا۔
حامد رضا نے کہا کہ خصوصی نشستوں کیلئے جو فہرست جمع کرائی گئی تھی وہ الائنس کی طرف سے ہی تھی۔
انہوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ ہمیں تکنیکی بنیاد پر مخصوص نشستیں مل جائیں گی۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی خواتین کی 60 میں سے 38 مخصوص نشستوں اور اقلیتوں کی 7 نشستوں پر منتخب ارکان کے نوٹیفکیشن جاری کردیے ہیں تاہم سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں دینے سے متعلق الیکشن کمیشن کا اب تک کوئی فیصلہ سامنے نہ آسکا ہے۔