کھیل
Time 25 فروری ، 2024

لوگوں کو قلندرز کو جیتتا دیکھنے کی عادت ہو گئی تھی، ہار بھی کھیل کا حصہ ہے: سکندر رضا

ہم میچز آخر میں جا کر ہارے ہیں، ہار سب کو نظر آرہی ہے، یہ بھی دیکھیں کئی چیزیں بہت اچھی بھی ہو رہی ہیں: آل راؤنڈر لاہور قلندرز/فوٹو جیو نیوز
ہم میچز آخر میں جا کر ہارے ہیں، ہار سب کو نظر آرہی ہے، یہ بھی دیکھیں کئی چیزیں بہت اچھی بھی ہو رہی ہیں: آل راؤنڈر لاہور قلندرز/فوٹو جیو نیوز

لاہور قلندرز کے آل راؤنڈر سکندر  رضا کا کہنا ہے کہ لوگوں کو لاہور کو جیتتا ہوا دیکھنے کی عادت ہو گئی تھی لیکن ہار بھی کھیل کا حصہ ہے اور شکست سے بہت کچھ سیکھنےکا موقع ملتا ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کے دوران پی ایس ایل 9 میں لاہور قلندرز کی پے درپے شکست پر بات کرتے ہوئے سکندر رضا نے کہا کہ ناصرف کرکٹ بلکہ زندگی میں بھی ہارنے سے بہت کچھ سیکھنےکا موقع ملتا ہے، کامیابی کی طرح  ناکامی بھی کھیل اور زندگی کا حصہ ہے۔

سکندر رضا نے کہا کہ ہم میچز آخر میں جا کر ہار رہے ہیں اور ہار سب کو نظر آرہی ہیں، یہ بھی دیکھیں کئی چیزیں بہت اچھی بھی ہو رہی ہیں، لوگوں کو قلندرز کو جیتتا دیکھنے کی عادت ہو گئی تھی، ہم جیت کا فارمولا تلاش کر رہے ہیں، فارمولا ضرور ملے گا اس وقت پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، ہم جیت سے بہت دور نہیں ہیں، ہم جیت کا تسلسل بھی قائم کریں گے۔

 راشد خان کی غیر موجودگی پر بات کرتے ہوئے سکندر رضا نے کہا کہ ہم راشدخان کو کرکٹر کے طور پر مس تو کر ہی رہے ہیں لیکن انسان کی حیثیت سے زیادہ مس کر رہے ہیں،  راشد خان بہت پیارے انسان ہیں، انہیں آن دی فیلڈ اور آف دی فیلڈ مس کر رہے ہیں۔

   آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کے ساتھ ایک الگ قسم کا تعلق ہے، قلندرز نام ہی ایسا ہے یہ زندگی گزارنے کا طریقہ ہے، لاہور قلندرز میرے لیےایک احساس اور فیملی ہے، جب آپ 3، 4 سال لاہور قلندرز کا حصہ رہیں تو اس کا مطلب آپ قلندر ہو چکے ہیں، میں بھی اب قلندر ہو چکا ہوں۔

انھوں نے کہا کہ قلندرز میں آنے سے میری شاعری کے شوق میں بھی اضافہ ہوا، میں پلان کے تحت شاعری نہیں کر رہا بس دل میں آیا اور شاعری ہو گئی، ایک مرتبہ پھر پاکستان آنا اور لاہور قلندرز کا حصہ بننا اعزاز ہے۔

سکندر رضا کا مزید کہنا تھا میں نے پچھلے کچھ عرصے میں دماغی طور پر تھوڑی تبدیلی لانے کی کوشش کی جس کی وجہ سے کامیاب ہوا، لیگز کھیلنے کی وجہ سے میرے کھیل میں بہت بہتری آئی، میں سمجھتا ہوں کہ لیگز کا 100فیصد کردار ہوتا ہے، لیگز کی وجہ سے آپ کی مہارت بہتر ہو رہی ہے جس سے انٹرنیشنل کرکٹ کا معیار اوپر جا رہا ہے،  لیگز میں فیئر لیس کرکٹ کھیلی جاتی ہے، لیگز کی وجہ سے ہی میرا گراف اوپر گیا ہے۔

خیال رہےکہ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اب تک ایونٹ میں ایک میچ بھی نہیں جیت سکی اور اسے چاروں میچز میں شکست کا سامنا رہا ہے۔

مزید خبریں :