25 فروری ، 2024
اگر آپ چھٹیوں میں سفر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو یقیناً جانتے ہوں گے کہ پہلے سے بُکنگ کروا لینا کتنا اہم ہوتا ہے کیونکہ چھٹیوں کے دوران زیادہ تر افراد دوسرے شہر یا ملک سفر کرتے ہیں۔
چاہے آپ سال بھر جتنا مرضی سفر کریں یا سال میں ایک مرتبہ کہیں جائیں، فلائٹس اور ٹرین وغیرہ کے پیسے ہمیشہ ہی بچانا چاہیں گے، آپ جہاں مرضی سفر کا ارادہ رکھتے ہوں، ٹکٹ پہلے سے خریدنے سے پیسے بچانے میں مدد ملتی ہے۔
آئیے کچھ ایسی ٹپس جانتے ہیں جس سے آپ کو کم دام میں ٹکٹ خریدنے میں مدد مل سکتی ہے۔
جہاز کا سستا ٹکٹ کیسے تلاش کریں؟
جب بھی آپ کو کم لاگت والی پروازوں کی تلاش ہو تو اس وقت یہ ذہن میں رکھیں کہ مخصوص تاریخوں کے بجائے ان تاریخوں پر ٹکٹ دیکھیں جب رش نہ ہو، یعنی اپنی چھٹیاں یا سفر کی منصوبہ بندی ایسی تاریخوں پر کی جائیں جب جہازوں میں لوگوں کی بھیڑ نہ ہونے کا امکان ہو۔
لیکن اگر آپ کو ایسے سیزن میں ہی سفر کرنا ہے جب رش بہت زیادہ ہو جیسے کہ چھٹیاں ہوں یا اور تہوار ہو تو کوشش کریں ٹکٹس 6 سے 7 ماہ پہلے ہی بُک کروا لیں، اس سے آپ کو ٹکٹس کم قیمت میں ملنے کے زیادہ امکانات ہیں۔
اور اگر آف سیزن میں کہیں جانا ہو تو دو ماہ پہلے ٹکٹ بُک کروانا اچھا رہے گا۔
آخری منٹ کے سفر کیلئے 21 دن کے اصول پر عمل کریں
اگر آپ پہلے سے بکنگ نہیں کراسکتے تو سیاحت سے وابستہ ماہرین 21 دن کے اصول پر عمل کرنے کا مشورہ دیتے ہیں جو کہ روانگی کی تاریخ سے 21 دن پہلے ٹکٹ بک کرنا ہے، اعداد و شمار بتاتے ہیں ائیر لائنز اس آخری تاریخ کے بعد اپنی قیمتیں بڑھا دیتی ہیں۔
سفر کرنے کیلئے ہفتے کا سب سے سستا دن کون سا ہے؟
ویسے تو کسی خاص دن ٹکٹ کی خریداری ہوائی جہاز کا کرایہ کم نہیں کرسکتا، اس کے لیے اہم ہے کہ سال کے کس وقت آپ سفر کر رہے ہوں۔ عام طور پر منگل، بدھ اور جمعرات پیر اور جمعہ کے مقابلے کم مہنگے ہوتے ہیں۔
صبح کی پروازیں بھی سستی ہو سکتی ہیں کیونکہ صبح صبح سفر کرنے والوں کی تعداد کم ہوتی ہے۔