25 فروری ، 2024
زمانہ قدیم میں مصر کو عظیم تعمیرات کے لیے جانا جاتا تھا اور اہراموں سمیت دیگر عمارات کی تیاری کے لیے بھاری پتھروں کا استعمال ہوتا تھا۔
مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ دنیا کی قدیم ترین پکی سڑک بھی مصر میں موجود ہے؟
جی ہاں واقعی ایسا مانا جاتا ہے کہ قدیم مصریوں نے دنیا کی پہلی پکی سڑک تعمیر کی تھی۔
1994 میں ماہرین آثار قدیمہ نے ایک 12 کلومیٹر طویل چونے اور ریت کے پتھروں سے بنی قدیم سڑک کو دریافت کیا تھا جو موریس جھیل کی جانب جاتی تھی۔
محققین کے خیال میں یہ سڑک 2600 سے 2200 قبل مسیح میں تعمیر ہوئی تھی اور اب تک دریافت ہونے والی سب سے قدیم پکی سڑک ہے۔
ان کا ماننا ہے کہ یہ سڑک اہراموں کی تعمیر کے لیے پتھر موریس جھیل تک پہنچانے کے لیے استعمال ہوتی تھی۔
یہ ایک قدیم جھیل ہے جو دریائے نیل سے منسلک تھی اور ماہرین کے خیال میں کشتی کے ذریعے بھاری پتھروں کو گیزہ تک پہنچایا جاتا تھا۔
یہ قدیم مصر میں تعمیر کی جانے والی واحد سڑک بھی ہے یا کم از کم ابھی وہاں کوئی ایسی پرانی سڑک دریافت نہیں ہوئی۔
یہ موجودہ عہد کی سڑکوں جتنی اچھی تو نہیں مگر اسے بڑی تعمیراتی پیشرفت ضرور قرار دیا جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس سڑک کی تعمیر اس عہد میں ہوئی جس کے بارے میں ہم نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ اس زمانے میں لوگ سڑکیں تعمیر کر سکتے ہیں۔
اس سڑک کے آثار تو 20 ویں صدی کے آغاز میں دریافت ہوئے تھے مگر اس کی اصل اہمیت کے بارے میں تحقیقی مقالہ 1994 میں شائع کیا گیا تھا۔
اس مقالے میں بتایا گیا تھا کہ مزدوروں کے ایک کیمپ کے آثار بھی سڑک کے قریب دریافت کیے گئے تھے۔
اس دریافت سے قبل یونانی جزیرے کریٹ میں 2000 قبل مسیح میں تعمیر ہونے والی ایک سڑک کو قدیم ترین پکی سڑک قرار دیا جاتا تھا۔