ایک تصویر نے خاتون کو 23 کروڑ روپے سے محروم کر دیا

یہ واقعہ آئرلینڈ میں پیش آیا / فوٹو بشکریہ SWNS
یہ واقعہ آئرلینڈ میں پیش آیا / فوٹو بشکریہ SWNS

آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کو اس وقت کروڑوں روپے سے ہاتھ دھونا پڑے جب ان کی تصویر عدالت کے سامنے آگئی۔

36 سالہ Kamila Grabska کا 2017 میں ٹریفک حادثہ ہوا تھا جس کے کچھ عرصے بعد انہوں نے آئرلینڈ کی ایک انشورنس کمپنی کے خلاف 8 لاکھ 23 ہزار ڈالرز (لگ بھگ 23 کروڑ پاکستانی روپے) ہرجانے کا مقدمہ دائر کیا۔

ان کا دعویٰ تھا کہ حادثے سے ان کی کمر اور گردن کو نقصان پہنچا تھا اور وہ 5 سال سے زائد عرصے تک کوئی ملازمت کرنے کے قابل نہیں رہی تھیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس حادثے کے باعث وہ روزمرہ کے کام کرنے سے قاصر ہوگئیں جبکہ بھاری بوجھ نہیں اٹھا سکتیں۔

مگر آئرش ہائیکورٹ کے سامنے خاتون کی جنوری 2018 کی ایک تصویر پیش کی گئی جس میں وہ کرسمس ٹری پھینکتے ہوئے ہنس رہی تھیں۔

5 فٹ کے اس درخت کو انہوں نے ایک درخت اچھالنے کے مقابلے میں پھینکا تھا۔

تصویر سامنے آنے کے بعد خاتون نے عدالت میں اعتراف کیا کہ انہوں نے یہ مقابلہ جیت لیا تھا، حالانکہ مقابلے سے چند دن قبل انہوں نے ڈاکٹروں کو کہا تھا کہ انہیں گردن، کمر اور ریڑھ کی ہڈی میں مسلسل درد ہوتا ہے۔

عدالت کے سامنے ایک فوٹیج بھی دکھائی گئی جس میں Kamila Grabska ایک باغ میں کافی دیر تک کھیلتی نظر آئیں۔

یہ فوٹیج نومبر 2023 کی تھی جس کے بعد عدالت نے 8 لاکھ 23 ہزار ڈالرز ہرجانے کا مقدمہ خارج کر دیا۔

مزید خبریں :