26 فروری ، 2024
نئی قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس 29 فروری طلب کرلیا گیا۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے 29 فروری کو قومی اسمبلی اجلاس کا وقت مقرر کر دیا اور اجلاس صبح دس بجے ہو گا۔
آئین کے آرٹیکل 91 کے تحت انتخابات کے 21 ویں روز قومی اسمبلی کا اجلاس ہونا لازم ہے۔ حکام کے مطابق صدر اجلاس 21ویں روز سے قبل بلا سکتے ہیں مگر انہوں نے نہیں بلایا۔
حکام قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا کہنا ہے کہ 21 ویں روز اجلاس ہونا لازم، صدر یا اسپیکر کے نوٹیفکیشن کی ضرورت نہیں۔
دوسری جانب ذرائع نے بتایا ہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے قومی اسمبلی اجلاس بلانے کی سمری مسترد کرکے واپس بھیج دی تھی۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے موقف اختیارکیا ہےکہ پہلےخواتین اور اقلیتوں کی نشستوں کو مکمل کیا جائے۔
صدر کے فیصلے کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی سربراہی میں ہنگامی اجلاس میں قومی اسمبلی اجلاس بلانےکا فیصلہ کیا تھا۔