Time 26 فروری ، 2024
پاکستان

مریم کا 5 روز میں پرائس کنٹرول کیلئے ڈیپارٹمنٹ قائم کرنے کا حکم، تھانے کا بھی دورہ کیا

ڈیمانڈ اور سپلائی سسٹم کی مانیٹرنگ کی جائے، پھل، سبزیوں اور دیگر اشیا کے نرخ کنٹرول کیے جائیں: وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت— فوٹو: ن لیگ آفیشل
 ڈیمانڈ اور سپلائی سسٹم کی مانیٹرنگ کی جائے، پھل، سبزیوں اور دیگر اشیا کے نرخ کنٹرول کیے جائیں: وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت— فوٹو: ن لیگ آفیشل

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مہنگائی سے ریلیف کیلئے اقدامات کا اعلان کردیا اور 5 روز میں پرائس کنٹرول کیلئے ڈیپارٹمنٹ قائم کرنے کا حکم دیا۔

پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ مریم نواز عہدے کا چارج سنبھالتے ہی سرگرم ہوگئیں۔ پہلا اجلاس امن و امان سے متعلق کیا، اعلیٰ حکام نے بریفنگ دی، مریم نواز نےٹیکسلا میں بزرگ خاتون کو تھپڑ مارنے کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئےکہاکہ قانون نافذ کرنے والا ہی قانون توڑے گا تو قانون کی عزت کون کرے گا؟

انہوں نے کہا کہ امن وامان لازم ہے مگرشہریوں کوتوہین سے بچانا بھی اتنا ہی ضروری ہے، خواتین، بچوں ،اقلیتوں پر تشدد اور زیادتی کے واقعات ان کی حکومت کی ریڈ لائن ہے، رشوت خوری کےخلاف زیرو ٹالرنس اور میرٹ پالیسی ہے ،اس پرکوئی سمجھوتا نہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ کسی کی سفارش نہیں چلے گی، پولیس میں رشوت کا کلچر ہر صورت ختم کریں گے۔

پرائس کنٹرول کمیٹیوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مریم نواز نے مہنگائی سے ریلیف کیلئے اقدامات کا اعلان کیا۔

انہوں نے فوری پلان طلب کرتے ہوئے 5 روز میں پرائس کنٹرول کیلئے ڈیپارٹمنٹ قائم کرنے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ ڈیمانڈ اور سپلائی سسٹم کی مانیٹرنگ کی جائے، پھل، سبزیوں اور دیگر اشیا کے نرخ کنٹرول کیے جائیں اور گراں فروشی کرنے والوں کو سزا یقینی بنائی جائے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز بعد میں بغیرشیڈول تھانا شالیمار پہنچ گئیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی۔

گنجان اور تنگ گلیوں سے گزرکر تھانہ شالیمار کا دودہ کیا، فرنٹ ڈیسک کا جائزہ لیا اور حوالات میں بند قیدیوں سے بات چیت کی۔ انہوں نے خواتین کے واش روم بھی چیک کیے۔

مریم نواز شریف تھانے سے باہر نکلیں تو عوام کے ہجوم نے خیرمقدمی نعرے لگا کر استقبال کیا۔