Time 27 فروری ، 2024
پاکستان

شیخ رشید کی ایک الزام کے مختلف مقدمات خارج کرنے کی درخواست پر رپورٹ طلب

سندھ پولیس کے ڈی ایس پی بھی عدالت میں پیش ہوئے اور تھانہ موچکو میں درج مقدمے کی رپورٹ جمع کرائی/ فائل فوٹو
سندھ پولیس کے ڈی ایس پی بھی عدالت میں پیش ہوئے اور تھانہ موچکو میں درج مقدمے کی رپورٹ جمع کرائی/ فائل فوٹو

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کی ایک ہی الزام کے تحت ملک کے مختلف علاقوں میں درج مقدمات خارج کرنے کی درخواست پر رپورٹ طلب کرلی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ  کے جسٹس طارق محمد جہانگیری  نے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کی ایک ہی الزام پر تھانہ آبپارہ، موچکو سندھ اور لسبیلہ بلوچستان میں درج مقدمات خارج کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔

سماعت کیلئے شیخ رشید اپنے وکیل سردار عبدالرازق ایڈووکیٹ کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے جب کہ سندھ پولیس کے ڈی ایس پی بھی  عدالت میں پیش ہوئے اور تھانہ موچکو میں درج مقدمے کی رپورٹ جمع کرائی۔

دوران سماعت  عدالت نے استفسار کیا کہ کیا یہ رپورٹ آئی جی اور ایس ایس پی کی مشاورت سے بنی ہے؟ عدالت نے سندھ پولیس کی رپورٹ شیخ رشید کے وکیل کو فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے رپورٹ کو غیر تسلی بخش قرار دے دیا۔

عدالت نے آئی جی سندھ ، پراسیکیوٹر جنرل سندھ اور ایس ایس پی کیماڑی سےتفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔

 جسٹس طارق نے حکام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ 2  ہفتے کا وقت ہے ، تفصیلی رپورٹ پیش نہ ہوئی تو توہین عدالت کی کارروائی ہوگی، تینوں افسران کو بتادیں اگر عملدرآمد نہ ہوا تینوں کو جیل بھیجیں گے۔

مزید خبریں :