بے قابو ٹرین کا ڈرائیور کے بغیر 40 میل سے زائد فاصلے تک سفر

یہ واقعہ بھارت میں پیش آیا / اسکرین شاٹ
یہ واقعہ بھارت میں پیش آیا / اسکرین شاٹ

تصور کریں کہ آپ ٹرین میں سفر کر رہے ہوں اور وہ بے قابو ہوکر ڈرائیور کے بغیر ٹریک پر دوڑنے لگے تو پھر کیا کریں گے؟

یقین کرنا مشکل ہوگا مگر بھارت میں ایسا حیرت انگیز واقعہ سامنے آیا ہے۔

جی ہاں واقعی شمالی بھارت میں ایک مال بردار ٹرین لگ بھگ 45 میل تک بغیر کسی ڈرائیو کے سفر کرتی رہی، جس دوران ایک موقع پر اس کی رفتار 46 میل فی گھنٹہ تک بھی پہنچ گئی تھی۔

ریلوے حکام کے مطابق یہ واقعہ 25 فروری کو پیش آیا تھا اور خوش قسمتی سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

یہ ٹرین Kathua ریلوے اسٹیشن سے بغیر ڈرائیور کے روانہ ہوئی اور اسے ضلع ہوشیار پور میں ایمرجنسی بریکس اور ٹریک پر پتھر رکھ کر روکنے میں کامیابی حاصل کی گئی۔

حکام کے مطابق نامعلوم وجوہات کے باعث مال گاڑی کا ڈرائیور اور اس کا اسسٹنٹ ٹرین سے اترے تھے اور جیسے ہی وہ باہر نکلے ٹرین آگے بڑھنے لگی اور ڈرائیور دوبارہ اس پر سوار نہیں ہوسکا۔

یہ ٹرین بتدریج ایسے راستے پر منتقل کی گئی جو اوپر کی جانب جاتا تھا تاکہ اسے روکنے کی کوشش کی جاسکے۔

اس واقعے کے بعد 4 افراد کو معطل کر دیا گیا ہے جبکہ اعلیٰ سطح پر تحقیقات کی جا رہی ہے۔

یہ پہلی بار نہیں جب بھارت میں ایسا واقعہ پیش آیا، اس سے قبل 2018 میں ریاست گجرات میں ایک مسافر بردار ٹرین کئی میل تک ڈرائیور کے بغیر سفر کرتی رہی تھی۔

اس ٹرین کو ایمرجنسی اسٹاپ کے ذریعے روکا گیا اور اس میں بھی کسی مسافر کو نقصان نہیں پہنچا تھا۔

مزید خبریں :