Time 28 فروری ، 2024
پاکستان

دو گھنٹوں کے وقفے کے بعد گوادر میں دوبارہ بارش شروع ہوگئی

16 گھنٹوں سے زائد تک مسلسل بارش میں دو گھنٹوں کے وقفے کے بعد گوادر میں دوبارہ بارش شروع ہوگئی جس کے باعث شہری اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی پر مجبور ہوگئے— فوٹو: فائل
16 گھنٹوں سے زائد تک مسلسل بارش میں دو گھنٹوں کے وقفے کے بعد گوادر میں دوبارہ بارش شروع ہوگئی جس کے باعث شہری اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی پر مجبور ہوگئے— فوٹو: فائل

گوادر میں 16 گھنٹوں سے زائد تک مسلسل بارش میں دو گھنٹوں کے وقفے کے بعد دوبارہ بارش شروع ہوگئی، شہری اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ہیں جبکہ نظام زندگی مکمل طور پر مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔

شدید بارش کے باعث شہر بھر کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جبکہ کئی علاقوں موبائل نیٹ ورک بھی بند ہو گیا ہے، متعلقہ محکموں کے موقع سے غائب ہونے کے باعث شہری بے سروسامانی کی حالت میں رات گزارنے پر مجبور ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کل صبح 4 سے رات 8 بجے تک گوادر میں 168.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گوادر میں 16 گھنٹے سے زائد مسلسل بارش کے باعث معمولات زندگی شدید متاثر ہوگئے ہیں، نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں اور بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔

گوادر میں بارش وقفے وقفے سے جاری ہے، سڑکیں زیر آب آگئیں اور پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا ہے، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ کئی مکانات گر گئے ہیں جس کے باعث شہری نقل مکانی پر مجبور ہیں۔

نکاسی کا مؤثر نظام نہ ہونے سے پانی سڑکوں پر جمع ہوگیا ہے، گوادر کے علاقوں ٹو باغ، شیخ عمر، سہرابی وارڈ، ملابند تھانہ وارڈ اور شمبے سمائیل میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔

جنت بازار اور بلال مسجد ائیرپورٹ روڈ پر بارش کا پانی دکانوں میں داخل ہوگیا ہے۔ چیئرمین یوسی سربندن کے مطابق تیز ہواؤں کے باعث کئی کشتیاں آپس میں ٹکرا کر ٹوٹ گئی ہیں۔

مزید خبریں :