Time 28 فروری ، 2024
پاکستان

مخصوص نشستوں کا معاملہ، الیکشن کمیشن کا اسمبلیوں میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کو نوٹس

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں نمائندگی رکھنے والی تمام سیاسی جماعتوں کو نوٹس جاری کردیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی گزشتہ روز کی سماعت کے حکم نامے میں کہا گیا کہ سنی اتحاد کونسل نے 22 فروری کو قومی اسمبلی، خیبرپختونخوا، پنجاب اور سندھ اسمبلی کی مخصوص نشستوں کیلئے درخواستیں دی۔

الیکشن کمیشن کو دیگر درخواست گزاروں کی جانب سے 6 درخواستیں موصول ہوئیں، الیکشن کمیشن نے متصادم احکامات سے بچنے کیلئے سنی اتحاد کونسل اور دیگر 6 درخواستیں یکجا کر کے سننے کا فیصلہ کیا ہے۔

الیکشن کمیشن قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں نمائندگی رکھنے والی تمام سیاسی جماعتوں کو نوٹس جاری کرتا ہے، کیس کی اگلی سماعت (آج) 28 فروری کو ہوگی۔

الیکشن کمیشن کی جاری کاز لسٹ کے مطابق الیکشن کمیشن صاحبزادہ حامد رضا، ایم کیو ایم، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کی درخواستوں پر سماعت کرے گا۔

الیکشن کمیشن میں محمود خان، مولوی اقبال حیدر، کنزالسعادت، تمکین اختر، احمد رضا اور ملک عبداللہ کی درخواستوں پر بھی 28 فروری کو سماعت ہوگی۔

الیکشن کمیشن نے جے یو آئی، جی ڈی اے، استحکام پاکستان پارٹی اور مسلم لیگ ق کو بھی نوٹس جاری کردیے ہیں۔

سنی اتحاد کونسل کی جانب سے جماعت کو مخصوص نشستیں دینے کی درخواست دائر کی گئی تھی۔

مولوی اقبال حیدر، احمد رضا اور ملک عبداللہ نے سنی اتحاد کونسل کو بطور پارلیمانی پارٹی ٹریٹ نہ کرنے اور انہیں آزاد امیدوار قبول کرنے سے روکنے کی درخواست کی ہے۔

درخواست گزاروں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل پارلیمانی پارٹی نہیں ہے۔

مزید خبریں :