کیا عمران عباس پھر سے ڈرامہ سیریل خدا اور محبت میں نظر آئیں گے؟

اداکار عمران عباس کا کہنا ہے کہ ڈرامہ  سیریل خدا اور محبت جیسی کہانیاں ایک ہی بار ملتی ہیں  اس طرح کے کردار کرنے کا مجھے شوق ہے۔

جیو ڈیجیٹل کو دیے گئے خصوصی گفتگو میں اداکار عمران عباس نے حال ہی میں جیو انٹرٹینمنٹ پر ختم ہونے والے ان کے ڈرامے ’ٓاحرام جنون‘، ڈرامہ سیریل خدا اور محبت کے نئے سیزن اور  بالی وڈ میں کام کرنے کے بارے میں گفتگو کی ہے ۔

اداکار نے اپنی انڈین پنجابی فلم ’جی وے سوہنیا جی‘ پر بھی بات کی اور بتایا کہ بھارتی فنکاروں کے ساتھ کام کرنے کا ان کا تجربہ اس بار کیسا رہا۔

عمران عباس ڈرامہ سیریل احرام جنون میں شایان (شانی) کے مرکزی کردار میں نظر آئے تھے جبکہ ان کے ساتھ نیلم منیر نے شانزے کا کردار ادا کیا تھا۔

ڈرامے میں عمران عباس کا کردار شروع میں پیزہ ڈیلیوری بوائے دکھایا گیا تھا۔  ایک سین میں وہ نیلم منیر کے گھر اپنے یونیفارم میں پیزہ  ڈیلیور کرتے دکھائے گئے تھے ۔ یہ سین سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہوا تھا البتہ اصل زندگی میں اس سین نے عمران عباس کو پیزہ ڈیلیور کرنے والے افراد میں مقبول کردیا۔

انہوں نے سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ میں خود تو پیزہ نہیں کھاتا یہ صحت کے لیے اچھا نہیں ،البتہ میرے بھتیجا بھتیجی اکثر منگواتے ہیں۔ ایک بار جب میں پیزہ کا آرڈر ریسیو کرنے دروازے پر گیا تو ڈیلیوری بوائے مجھے دیکھ کر پہچان گیا اور کہنے لگا سر آپ نے بہت مزے دار کردار کیا تھا ہمیں بہت اچھا لگا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اسے جواب دیا کہ اصل ہیرو تو آپ ہیں میں نے تو صرف ڈرامے میں آپ کا کردار کیا ہے۔

اداکار نے مزید کہا کہ انہیں بالکل اچھا نہیں لگتا جب لوگ ریستوران، یا گھر پر کام کرنے والے افراد کے ساتھ برا سلوک کرتے ہیں ۔

’میرے سارے ڈرامے ایک طرف اور خدا اور محبت ایک طرف‘: عمران عباس

اداکار نے جیو انٹرٹینمنٹ کے میگا ہٹ ڈرامے ’خدا اور محبت‘ کے سیزن ون اور ٹو میں مرکزی کردار ادا کیا تھا  جس سے انہیں ایک الگ ہی شناخت ملی تھی ۔

ڈرامے کے بارے میں انٹرویو کے دوران عمران سے سوال کیا گیا کہ کیا خدا اور محبت کے نئے سیزن میں عمران مرکزی کردار کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں؟ سوال کا جواب دیتے ہوئے اداکار نے کہا کہ خدا اور محبت جیسی کہانیاں ایک ہی بار ملتی ہیں گو کہ مجھے شوق ہے اس طرح کے کردار کرنے کا لیکن مجھے نہیں لگتا کہ شاید اب میں کبھی بھی خدا اور محبت کر سکوں گا اس کی وجہ یہ ہے کہ کچھ چیزیں امر ہوتی ہیں انہیں دوبارہ دوہرانا نہیں چاہیے۔

عمران عباس نے کہا کہ میرا اس پروجیکٹ کے ساتھ ایک الگ ہی لگاؤ ہے، یہ ڈرامہ میرے دل کے بہت قریب ہے میرے سارے کردار ایک طرف اور خدا اور محبت کا حماد ایک طرف۔ 

اداکار نے کہا کہ پہلے سیزن میں کام کرنے کا مزہ ہی الگ تھا، دوسری بار ہر چیز بڑے پیمانے پر کی گئی ، ڈرامہ باہر شوٹ کیا گیا لیکن شاید ڈرامے کی روح موجود نہیں تھی، دوسرے سیزن میں بھی میں ہی مرکزی کردار کر رہا تھا لیکن شاید جب ہم زبردستی کچھ کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو وہ کام زرا کم متاثر کن ہوجاتا ہے‘

اداکار نے مزید کہا کہ خدا اور محبت ان کا ہی لگایا ہوا پودا تھا جس میں فیروز خان نے بھی بہت محنت سے کام کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے سنا ہے کہ نئے سیزن میں مرکزی کردار پروڈیوسر عبداللہ قادوانی کے بیٹے ہارون قادوانی کر رہے ہے اگر یہ بات صحیح ہے تو مجھے بہت خوشی ہوگی۔ فیروز بھی ایک کمال اداکاراور بہت محنتی لڑکے ہیں اگر یہ دونوں مرکزی کردار میں ہیں تو مجھے بہت اچھا لگے گا بلکہ نئے لڑکوں کو یہ پروجیکٹ کرتا دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔

عمران عباس بھارتی فلمساز کرن جوہر کی فلم اے دل ہے مشکل میں ڈاکٹر فیصل کا کردار کرچکے ہیں جس میں ان کے ہمراہ اداکار فواد خان بھی تھے ۔یہ فلم پاکستان میں بھی بہت مقبول ہوئی تھی فلم کے ایک سین کے بارے میں بات کرتے ہوئے عمران نے کہا کہ  ایک چھاپا پڑنے کا سین تھا جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا تھا، اس کے بعد بہت سے لوگوں نے مجھے پوچھا کہ سر آپ چھاپے میں پکڑے گئے تھے ناں، میں نے انہیں بتایا کہ وائرل ہونے والا کلپ فلم کا ایک سین ہے اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں‘۔

اداکار نے کہا کہ انہیں بھارت سے ہمیشہ پیار ملتا ہے جبکہ ان کی ممبئی سے بہت سی یادیں جڑی ہوئی ہیں ۔

عمران عباس انڈین فلم کریچر میں ادکارہ بپاشہ باسو کے ساتھ بھی کام کر چکے ہیں جس کا گانا ’ساون آیا ہے‘ اپنے وقت کا مقبول گانا تھا ۔

 اداکار نے کہا کہ آج بھی بھارت میں لوگ انہیں ارجیت سنگھ کے اس ہٹ گانے کی وجہ سے جانتے ہیں ۔

عمران عباس جلد بھارتی ہدایتکار وجے ورما کی رومانوی فلم ’جی وے سوہنیا جی‘ میں مرکزی کردار میں نظر آئیں گے جس میں ان کے ساتھ بھارتی اداکارہ سیمی چاہال اور دیگر شامل ہیں ۔

فلم کے بارے میں عمران نے کہا کہ یہ بہت مزے دار کہانی ہے جس کے مناظر بھارت سمیت مختلف ممالک میں فلمائے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج بھی بھارت جا کر کام کرکے اچھا لگتا ہے کیونکہ وہاں کے لوگ بہت اچھے اور محبت کرنے والے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہی وجہ ہے کہ ان کی اداکارہ سیمی چاہال کے ساتھ اچھی دوستی ہوگئی تھی ۔فلم کا میوزک بہت کمال کا ہے جس میں عاطف اسلم کی مدھرآواز میں گایا لوک گیت بھی شامل ہے۔

جی وے سوہنیا جی کا پریمیئر 14 فروری دبئی میں رکھا گیا تھا جس میں بھارتی ادکارہ امیشہ پٹیل سمیت پاکستانی اداکارہ ریما اور دیگر نے شرکت کی تھی ۔

 فلم پاکستان میں 16 فروری کو ریلیز کی جانی تھی لیکن سینٹرل بورڈ آف فلم سینسر نے اسے فل بورڈ ریویو میں ڈال دیا تھا البتہ کمیٹی کے فیصلے بعد اب فلم کی ریلیز روک دی گئی ہے۔

مزید خبریں :