28 فروری ، 2024
مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی سمیت دیگر اتحادی جماعتوں کے رہنما جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے گھر پہنچ گئے۔
اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کے گھر پہنچنے والوں میں صادق سنجرانی، رانا تنویر، خالد مگسی، ایاز صادق، سعد رفیق، احسن اقبال اور علیم خان شامل تھے۔
پیپلز پارٹی کا وفد بھی مولانا فضل الرحمان کے گھر پہنچا جس میں یوسف رضا گیلانی، خورشید شاہ اور نوید قمر شریک تھے۔
اتحادی جماعتوں کے قائدین نے جے یو آئی کےکور کمیٹی سےمشاورتی اجلاس کیا۔
ذرائع نے بتایاکہ مولانا فضل الرحمان نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے واقعات کی شکایات کیں اور کہا کہ ہم نے ہمیشہ ملک میں جمہوریت کی مضبوطی و پارلیمان کی بالادستی کے لیے مثبت کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کے کارکنوں کی جمہوریت کے لیے قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، پارٹی کے قائدین و کارکن اب بھی جمہوریت کےلیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اتحادیوں نے مولانا فضل الرحمان سے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور صدارتی انتخاب کے لیے تعاون کی درخواست کی۔