Time 29 فروری ، 2024
پاکستان

شہباز شریف کی بیوروکریسی ٹیم کی وزیراعظم آفس میں دوبارہ تعیناتی کا عمل شروع

شہبازشریف کے وزیراعظم بننے سےقبل وزیر اعظم آفس میں اہم تعیناتی کی گئی ہے/ فائل فوٹو
شہبازشریف کے وزیراعظم بننے سےقبل وزیر اعظم آفس میں اہم تعیناتی کی گئی ہے/ فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی بیوروکریسی میں تقرر و تبادلے کے ذریعے سابق وزیراعظم شہبازشریف کی بیوروکریسی ٹیم کی وزیر اعظم آفس میں دوبارہ تعیناتی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔

شہبازشریف کے وزیراعظم بننے سےقبل وزیر اعظم آفس میں اہم تعیناتی کی گئی ہے اور سمیر احمد سیدکوپنجاب حکومت سے تبدیل کرکے وزیر اعظم آفس میں جوائنٹ سیکرٹری تعینات کیا گیا ہے۔

سمیراحمد سید بطور وزیراعظم شہبازشریف کے پرنسپل اسٹاف آفیسر اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے سیکرٹری تعینات تھے، وہ پی ایس او ٹو وزیراعظم کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں گے۔

دریں اثناء اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں تقرر کے منتظر گریڈ 22کے افسر پرویز احمد جونیجو اور گریڈ20کی افسر عائشہ زرین صدیق او ایس ڈی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن بنا دیے گئے ہیں۔

مزید برآں او ایس ڈی محمد سلیم ڈپٹی سیکرٹری وزارتِ اوورسیز پاکستانیز تعینات کیے گئے ہیں جب کہ ڈپٹی سیکرٹری وزارتِ مذہبی امور محمد راضی کی خدمات این ڈی ایم اے اور ڈپٹی سیکرٹری خزانہ ڈویژن ملٹری فنانس وِنگ کاشف رشید کی خدمات آڈیٹر جنرل پاکستان کو واپس کی گئی ہیں۔

ڈپٹی سیکرٹری اوورسیز پاکستانیز ڈویژن عبدالواحد تھہیم کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید خبریں :