29 فروری ، 2024
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نےکہا ہےکہ عمران خان کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط لکھنا گھر کےکپڑے چوک میں دھونےکے مترادف ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملکی معاملات میں دخل اندازی کے لیے خط لکھنا قومی مفاد کےخلاف ہے، ان سے اس انداز سے اپیل کرنا کوئی اچھی مثبت روایت نہیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی والے اپوزیشن میں تھے تو انہوں نے بھی ایسی اپیلیں امریکا سےکی تھیں، آئی ایم ایف والے کہتے ہیں کہ ہم خود نہیں جاتے لوگ درخواستیں ہمارے پاس لاتے ہیں۔
سراج الحق نے چیف الیکشن کمشنر سے قوم سے معافی مانگنے اور استعفیٰ دینےکا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اب تو ہرکوئی کہہ رہا ہے یہ شفاف الیکشن نہیں، جمہوری عمل پر سوالات اٹھ رہے ہیں،جمہوری نظام مستحکم نہ ہو تو معیشت بھی بہتر نہیں ہو سکتی۔