Time 02 مارچ ، 2024
انٹرٹینمنٹ

میری قبر میں آپ لوگوں نے نہیں جانا: اداکارہ اسما عباس تنقید کرنیوالوں پر سیخ پا

لوگ اصل مواد سے نکل کر ہماری ذاتیات پر آجاتے ہیں، قبر کی یاد نہیں آتی تم لوگوں کو گانے گاتی ہو، تم لوگوں کو مرنا نہیں یاد: اداکارہ کا ویڈیو بیان/ فائل فوٹو
لوگ اصل مواد سے نکل کر ہماری ذاتیات پر آجاتے ہیں، قبر کی یاد نہیں آتی تم لوگوں کو گانے گاتی ہو، تم لوگوں کو مرنا نہیں یاد: اداکارہ کا ویڈیو بیان/ فائل فوٹو

پاکستانی شوبر انڈسٹری کی سینئر اداکارہ اسما عباس سوشل میڈیا پر تنقید کرنے والوں پر سیخ پا ہوگئیں۔

سوشل میڈیا پر اسما عباس کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں اداکارہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ اصل مواد سے نکل کر ہماری ذاتیات پر آجاتے ہیں، قبر کی یاد نہیں آتی تم لوگوں کو گانے گاتی ہو، تم لوگوں کو مرنا نہیں یاد۔

انہوں نے کہا کہ مذہب انسان کا بہت ذاتی معاملہ ہوتا ہے، میں کیوں بتاؤں آپ کو میرا اللہ سے کیا تعلق ہے، میں کیوں بتاؤں کہ میں نماز پڑھتی ہوں یا نہیں اور کیسے پڑھتی ہوں، میں جانوں، میرا اللہ جانے، میری قبر میں آپ نے نہیں جانا میں نے ہی جانا ہے کیونکہ میری قبر تو ہوگی چھوٹی اس میں آپ آئیں گے تو تنگ ہوجائیں گے، اس لیے اپنی اپنی قبر کی بات کریں اپنی اپنی فکر کریں۔

اسما عباس کا کہنا تھا کہ اللہ نے ہمیں بنایا ہے کہ ہم گناہ کریں اور وہ ہمیں معاف کردے، سب نے بہت گناہ کیے ہیں، میں نے بھی کیے ہیں لیکن اللہ نے مجھے بہت بڑی بڑی بیماریوں سے بچایا ہے، اگر مجھے کوئی بددعا دیتا ہے اور میرے بارے میں برا سوچتا ہے تو کوئی مجھے دعا بھی دیتا ہوگا اور وہ دعا بھی لگے گی تو اس لیے مجھے اللہ پر یقین ہے اس نے مجھے بہت دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اللہ نہیں پرکھتا آپ لوگ پرکھتے ہیں، اللہ نے مجھے کینسر سے کئی بار نکالا کیوں کہ اللہ تعالی مجھ سے پیار کرتے ہیں، اس لیے آپ لوگ اپنی فکر کریں ہماری فکر کرنا چھوڑ دیں، ہماری فکر کرنے کیلئے اللہ تعالی ہیں، ہم آپ کو انٹرٹین کرتے ہیں پیار کرتے ہیں آپ بھی ہم سے پیار کریں۔

مزید خبریں :