02 مارچ ، 2024
سعودی عرب کی وزارت برائے امور اسلامی و رابطہ نے رمضان المبارک کے دوران مساجد میں افطار کرنے پر پابندی عائد کر دی۔
سعودی وزارت برائے امور اسلامی و رابطہ کے مطابق اس فیصلے کا مقصد مساجد میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانا ہے۔
سعودی وزارت برائے امور اسلامی نے مساجد کے لیے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے آئمہ مساجد پر پابندی عائد کردی ہے کہ وہ رمضان المبارک میں لوگوں کو افطار کروانے کے لیے کسی قسم کے عطیات قبول نہیں کریں گے۔
جاری کردہ ہدایات کے مطابق رمضان المبارک میں مساجد کے باہر مختص کردہ مقامات پر افطار کروائی جاسکے گی۔
علاوہ ازیں نمازوں اور دیگر سرگرمیوں کو ریکارڈ کرنے یا نشر کرنے کے لیے کیمروں کے استعمال پر بھی پابندی ہوگی۔
سعودی وزارت برائے امور اسلامی نے آئمہ مساجد کو ترغیب دی ہے کہ وہ رمضان کے دوران نماز تراویح کو طویل کرنے سے گریز کریں اور عوام کو روزوں اور ان کے فوائد کے بارے میں عملی معلومات فراہم کریں۔
خیال رہے کہ عرب ممالک میں رواں سال 11 مارچ سے رمضان المبارک کا آغاز متوقع ہے۔