Time 02 مارچ ، 2024
پاکستان

وزیراعظم کا انتخاب کل ہوگا، شہباز شریف اور عمر ایوب کے کاغذات منظور

سنی اتحاد کونسل کا شہبازشریف کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض مسترد کر دیا گیا/ فائل فوٹو
سنی اتحاد کونسل کا شہبازشریف کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض مسترد کر دیا گیا/ فائل فوٹو

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد ایوان کے لیے شہباز شریف اور عمر ایوب کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔

وزارت عظمیٰ کے لیے اتحادی جماعتوں کے امیدوار شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی سیکرٹری قومی اسمبلی کے پاس جمع کرائے گئے جو سیکرٹری جنرل قومی اسمبلی طاہر حسین نے وصول کیے۔

شہباز شریف کے مقابلے میں سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب کے بھی کاغذات جمع کرائے گئے۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق شہباز شریف کے لیے 8 اور عمر ایوب کے لیے 4  کاغذات نامزدگی جمع کرائےگئے جنہیں جانچ پڑتال کے بعد منظور کرلیا گیا۔

سنی اتحاد کونسل کا شہبازشریف کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض مسترد کر دیا گیا۔

خیال رہے کہ 336 رکنی ایوان میں وزارت عظمیٰ کے لیے 169 ووٹ درکار ہیں اور اتحادی جماعتوں کو 209 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔

مسلم لیگ (ن) کو پیپلز پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی، ایم کیو ایم پاکستان، استحکام پاکستان پارٹی کی حمایت حاصل ہے جب کہ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے عمر ایوب وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہیں اور ایوان میں ان کے اراکین کی تعداد 91 ہے۔

قومی اسمبلی میں قائد ایوان کا انتخاب کل بروز اتوار 3 مارچ کو ہو گا جس کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں :