04 مارچ ، 2024
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے محمود خان اچکزئی کے گھر پر چھاپے اور ایک محافظ کی گرفتاری کا الزام عائد کردیا جبکہ انتظامیہ نے الزامات کر تردید کر دی۔
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے جنرل سیکریٹری عبدالرحیم نے نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی سربراہ محمود خان اچکزئی کے کوئٹہ میں موجود رہائش گاہ پرچھاپا مارا گیا اور محمود خان اچکزئی کے ایک محافظ کو گرفتار کیا گیاہے۔
انہوں نے ملک گیراحتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں خطاب کی سزادی گئی۔
جمعیت علمائے اسلام کے رہنما حافظ حمد اللہ کی جانب سے بھی محمود خان اچکزئی کے گھر پر مبینہ چھاپے کی مذمت کی گئی ہے۔
سابق نگران وزیراطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ محمود خان اچکزئی کے گھر پر چھاپے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے مالک کی شکایت پر محمود خان اچکزئی کے گھر کے سامنے موجود ان کے پلاٹ پر سے قبضہ واگزا کرونے کیلئے کارروائی کی تھی۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کے مطابق کوئٹہ کی کواری روڈ پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کارروائی کرتے ہوئے صدارتی امیدوار محمودخان اچکزئی کی رہائش گاہ کےقریب خالی پلاٹ پر قبضہ واگزار کروایا گیا ہے۔
ڈی سی سعد بن اسد کا کہناہے کہ محمودخان اچکزئی نےڈھائی کنال سرکاری اراضی پر چار دیواری لگاکر قبضہ کر رکھا تھا، کار سرکار میں مداخلت اور اسسٹنٹ کمشنر پر اسلحہ تاننے پر ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔