کھیل
Time 04 مارچ ، 2024

6 میچز ہارنے کے بعد ایک پوائنٹ ملنے کی خوشی میں سوپ، فخر زمان کی ویڈیو وائرل

پاکستان سپر لیگ کے دوران مسلسل 6 شکستوں کے بعد لاہور قلندرز کیلئے بارش رحمت ثابت ہوئی اور راولپنڈی میں بارش کی وجہ سے لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کا میچ ختم کردیا گیا جس کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا۔

اس پوائنٹ کے باوجود لاہور قلندرز کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر سب سے آخر میں موجود ہے تاہم ٹیم کے کھلاڑی اس موقع کو بھی سلیبریٹ کیے بغیر نہ رہ سکے۔

پوائنٹ ملنے کے بعد لاہور قلندرز کے سوشل میڈیا پر ٹیم کے کھلاڑیوں کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں انہیں ( WRONG ANSWERS ONLY) کے نام سے ایک سیگمنٹ کھیلتے دیکھا گیا، اس سیگمنٹ کے دوران ہوسٹ سکندر رضا نے ٹیم کے کھلاڑیوں سے مختلف سوالات کیے جس کے جواب میں کھلاڑیوں نے سارے جواب غلط دیے۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسی دوران سکندر رضا ہاتھ میں ہینگر اٹھائے فخر زمان کی طرف بڑھے اور ان سے پوچھتے ہیں تم کس خوشی میں یہ سوپ پیے جارہے ہو؟ اس کے جواب میں ہاتھ میں سوپ کا کپ اٹھائے فخر زمان نے کہا کہ ایک پوائنٹ ملا ہے بھائی!