05 مارچ ، 2024
امریکا نے پنجاب میں مریم نواز کا وزیراعلیٰ بننے کو سنگ میل قرار دے دیا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پریس بریفنگ میں کہا کہ مریم نواز کا وزیراعلیٰ منتخب ہونا پاکستانی سیاست میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دیرینہ شراکت داری ہے، امریکا پاکستان کے ساتھ اتحاد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ خوشحال اور جمہوری پاکستان کو امریکا اور پاکستان کے مفادات کے لیے اہم سمجھتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی حکومت کے ساتھ مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے پر توجہ مرکوز رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو ملک کی سیاسی دھارے میں شامل کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے کے منتظر ہیں، پاک امریکا ویمن کونسل، سول سوسائٹی،فیصلہ سازی کے دیگر اداروں سے تعاون جاری ہے۔