05 مارچ ، 2024
پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے آل راؤنڈر اور اسلام آباد کے خلاف شاندار بیٹنگ کرنے والے عامر جمال کا کہنا ہے کہ جب کھونے کو کچھ نہیں بچتا تو آپ کھل کر کھیلتے ہیں، یہی سوچا تھا کہ اپنا گیم کھیلوں۔
پیر کو ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے 20 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 29 رنز سے ہرا دیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔
197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی 5 وکٹیں 18 رنز پر گرگئیں، اس کے بعد عامر جمال اور والٹر نے 106 رنز کی شراکت لگائی۔
عامر جمال نے 48 گیندوں پر 6 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 87 رنزکی اننگز کھیلی، والٹر نے 33 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر167رنز بناسکی۔
میچ کے بعد عامر جمال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد نے بہت اچھی بولنگ کی تھی، جب کھونے کو کچھ نہیں بچتا تو آپ کھل کر کھیلتے ہیں، یہی سوچا تھا کہ اپنا گیم کھیلوں ، زیادہ سے زیادہ آؤٹ ہی ہوتا۔
عامر جمال کا کہنا تھا کہ ہم اتنا سوئنگ اور اسپن کی توقع نہیں کر رہے تھے ، ہم پاور پلے اچھا نہیں کھیل پائے، اگر اسلام آباد بھی ٹاس جیتتا تو وہ بولنگ ہی کرتا۔
انہوں نے کہا کہ میں تقلید کی پرواہ نہیں کرتا ، مجھے اس سے فرق نہیں پڑتا کہ میرے بارے میں کون کیا کہتا ہے، میری کوشش ہوتی ہے کہ جہاں موقع ہو ٹیم کیلئے اپنا کردار ادا کروں، آل راؤنڈر ہر میچ میں50 رنز یا 5 آؤٹ نہیں کرتا۔