08 مارچ ، 2024
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی جانب سے آئندہ سال چیمپئنز ٹرافی سے قبل ملک کے 3 اہم اسٹیڈیمز کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
لاہور میں چیئرمین پی سی بی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں نیسپاک کے حکام نے اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے بریفنگ دی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا پلان طلب کرلیا ہے جس کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور، نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم اپ گریڈ ہوں گے۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی سے پہلے تینوں اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن مکمل کی جائے گی۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے 3 روز میں قذافی اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا حتمی ڈیزائن پلان طلب کرلیا جبکہ دوسرے مرحلے میں نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی اور راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا ڈیزائن پلان تیار کر کے کام کا آغاز کیا جائے گا۔
محسن نقوی کا کہناہے کہ اسٹیڈیمز میں شائقین کرکٹ کے سہولتوں کو بہتر بنایا جائے گا، ضرورت کے مطابق اسٹیڈیم میں نشتوں کا اضافہ کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم کے باکسز میں سہولتوں کو بہتر بنایا جائے گا۔ اپ گریڈیشن کے کام کو معیار اور رفتار کے ساتھ مکمل کرایا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان کو آئندہ سال آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنی ہے۔