08 مارچ ، 2024
سندھ اسمبلی کے بعد پنجاب، بلوچستان اور سینیٹ سے بھی ذوالفقار علی بھٹو کو سرکاری شہید اور قومی ہیرو قرار دینے کی قرار دادیں کثرت رائے سے منظور کرلی گئيں۔
سینیٹ میں پیپلز پارٹی کی رخسانہ زبیری نے قرارداد پیش کی۔ قرار داد میں کہا گیا کہ سینیٹ سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہے، سپریم کورٹ نےرائے دی کہ ذوالفقار علی بھٹو کیس کو فوجی آمر کے دور میں سزا موت دی گئی، سپریم کورٹ نے رائے دی کہ ذوالفقار علی بھٹو کیس کو آئین کے تحت انصاف اور فیر ٹرائل نہیں ملا۔
قرارداد کے متن کے مطابق ایوان محترمہ نصرت بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی قربانی کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، ذوالفقار علی بھٹو کو قومی جمہوریت کا ہیرو قرار دیا جائے اور وفاقی حکومت ذوالفقار علی بھٹو کو سرکاری طور پر شہید قرار دے۔
سینیٹ نے قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔
بلوچستان اسمبلی سے منظور شدہ قرار داد میں کہا گيا کہ وفاقی حکومت سے رجوع کرکےذوالفقاربھٹو کو سرکاری طورپرشہید قراردیا جائے۔ پنجاب اسمبلی نے بھی بھٹو کو سرکاری شہید اور قومی ہیرو قرار دینے کی قرار داد منظور کرلی۔