10 مارچ ، 2024
پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرنز کے صدر آصف علی زرداری کے ملک کے چودہویں صدر منتخب ہونے کی خوشی میں پیپلز پارٹی کے جیالوں کی جانب سے مختلف شہروں میں جشن مناتے ہوئے ڈھول کی تھاپ پر رقص، بھنگڑے اور آتش بازیوں کا مظاہرہ کیا گیا۔
صدارتی انتخاب کے نتائج کا اعلان ہوتے ہی پنجاب اسمبلی کے باہر اور چیرنگ کراس پر خواتین کارکنان سمیت بڑی تعداد میں جیالے جمع ہو گئے، کارکنان نے ’جئے بھٹو‘ اور’ آصف زردای سب پر بھاری‘ کے نعرے لگائے اور زبردست آتش بازی کا مظاہرہ کیا جبکہ پیپلزپارٹی کے رہنما چوہدری منشا نے ساتھیوں کے ہمراہ داتا دربار پر بھی حاضری دی۔
کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما سید حسن مرتضٰی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں آصف علی زردای کا دوسری بار صدر مملکت منتخب ہونا پیپلزپارٹی کیلئے فخر کی بات ہے۔
حسن مرتضٰی نے کہا کہ آئین اور قانون کی بالادستی کیلئے ایوان صدر کو استعمال کیا جائے گا، محمود اچکزئی جہاں قوم پرستی کی سیاست کرتے تھے آج اسی بلوچستان نے انہیں مسترد کر دیا ہے۔
پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ آج تمام اکائیوں کو اکٹھا کرنا اور سب کو ساتھ لے کر چلنے کا وقت ہے۔
حیدرآباد میں بھی پیپلز پارٹی کے کارکنا کی جانب سے جشن منایا گیا، جیالوں نے پریس کلب کے سامنے جشن مناتے ہوئے آتشبازی کا بھی مظاہرہ کیا اور مٹھائی تقسیم کرکے ایک دوسرے کو مبارک دی۔
لاڑکانہ میں کارکنوں نے مٹھائیاں تقیسیم کیں جبکہ نواب شاہ میں بھی جیالوں کی جانب سے مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا۔
ملتان، کمالیہ، بھلوال سمیت دیگر شہروں میں بھی پیپلز پارٹی کے کارکنان کی جانب سے جشن منایا گیا۔