کھیل
Time 10 مارچ ، 2024

پی ایس ایل: لاہور کو شکست دیکر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اگلے مرحلے میں پہنچ گئی، کراچی آؤٹ

فوٹو: پی ایس ایل
فوٹو: پی ایس ایل

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) سیزن 9 کے 28 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو 6 وکٹوں سے ہرا کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

167 رنز کا ہدف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے آخری گیند پر چھکا مارکر حاصل کیا۔ کوئٹہ کی جیت کے ساتھ کراچی کنگز اگلے مرحلے میں پہنچنے کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔قلندر پہلے ہی اس ریس سے باہر ہوچکی تھی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو میچ جیتنے کے لیے آخری گیند پر 4 رنز درکار تھے، تاہم وسیم جونیئر نے شاہین کو چھکا مار کر اپنی ٹیم کو نہ صرف میچ جتوادیا بلکہ اگلے مرحلے میں بھی پہنچا دیا۔

اس کے علاوہ سعود شکیل88 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا انتخاب کیا۔

لاہور قلندرز کی ٹیم میں 2 جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی۔قلندر کے فخر زمان میچ کیلئے دستیاب نہیں تھے، وہ گزشتہ روز کراچی کنگز کے خلاف میچ میں کیچ لیتے ہوئے انجری کا شکار ہوگئے تھے۔

لاہور قلندرز کی اننگز

لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے، کپتان شاہین آفریدی نے 55 رنز بنائے جبکہ عبداللہ شفیق 59 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

اس کے علاوہ صاحبزادہ فرحان 25، مرزا بیگ 12، شائے ہوپ 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ابرار احمد نے 2، محمد وسیم اور محمد عامر نے ایک ایک وکٹ لی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز

کوئٹہ نے لاہور قلندرز کا 167 رنز کا ہدف آخری گیند پر پورا کیا، محمد وسیم نے چھکا لگا کر ٹیم کو فتح دلائی۔

 گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سعود شکیل نے 88 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ خواجہ نافع 26 اور جیسن رائے نے 18 رنز بنائے، محمد وسیم نے 2 گیندوں پر 7 رنز اسکور کیے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور جہانداد خان نے 2 ،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

  کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 4 سال بعد پلے آف کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔

پلے آف مرحلہ

کوئٹہ کی جیت کے ساتھ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن 9 میں پلے آف میں پہنچنے والی 4 ٹیمیوں کا بھی فیصلہ ہوگیا۔

ملتان سلطانز، پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ اور اب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز  پلے آف مرحلے میں پہنچ گئی ہے۔کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں اس دوڑ سے باہر ہوگئی ہیں۔

لاہور قلندرز کا یہ سیزن بہت خراب رہا، وہ 10 میچز میں صرف ایک میچ ہی جیت سکی 8 میں شکست اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا۔

پوائنٹس ٹیبل

پی ایس ایل سیزن 9 کے پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو ملتان سلطانز 9 میچز میں 12 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے۔

اسلام آباد، یونائیٹڈ 10 میچز میں 11، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، 9 میچز میں 11،11 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔

کراچی کنگز 9 میچز میں 8 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں جبکہ لاہور قلندرز 10 میچز میں 3 پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر ہے۔

واضح رہے کہ ہر ٹیم نے پہلے مرحلے میں 10، 10 میچز کھیلنے ہے جس کے بعد پلے آف مرحلے کا آغاز ہوگا۔  

مزید خبریں :