پاکستان کی نوتشکیل شدہ کابینہ میں کون کون شامل ہے؟

وفاقی کابینہ کی تقریب حلف برداری ایوان صدر میں ہوئی جہاں صدر آصف علی زرداری نے وفاقی کابینہ سے حلف لیا— فوٹو:اسکرین گریب/اے پی پی
وفاقی کابینہ کی تقریب حلف برداری ایوان صدر میں ہوئی جہاں صدر آصف علی زرداری نے وفاقی کابینہ سے حلف لیا— فوٹو:اسکرین گریب/اے پی پی 

وزیراعظم شہباز شریف کی 19 رکنی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا۔

وفاقی کابینہ کی تقریب حلف برداری ایوان صدر میں ہوئی جہاں صدر آصف علی زرداری نے وفاقی کابینہ سے حلف لیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف بھی موجود تھے۔

حلف اٹھانے والوں میں خواجہ آصف، احسن اقبال، خالد مقبول صدیقی، محسن نقوی، امیر مقام اور دیگر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ حلف اٹھانے والوں میں چوہدری سالک حسین، ریاض پیر زادہ، رانا تنویر اور جام کمال شامل ہیں۔

اس کے علاوہ اویس لغاری، عطااللہ تارڑ، قیصر شیخ، اسحاق ڈار، مصدق ملک، محمد اورنگزیب اور احد چیمہ بھی حلف اٹھانے والوں میں شامل ہیں۔ اعظم نذیر تارڑ اور شزا فاطمہ نے بھی حلف اٹھایا۔

ذیل میں کابینہ اراکین کا مختصر تعارف دیا جارہا ہے۔

خواجہ آصف

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

خواجہ آصف 1991 میں سینیٹ کے رکن اور 1993 میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ وہ 1997، 2002، 2008، 2013، 2018 اور2024 میں ایم این اے منتخب ہوئے۔

خواجہ آصف وزیرخارجہ، وزیردفاع، وزیرپانی وبجلی اور وزیر پیٹرولیم رہ چکے ہیں۔

احسن اقبال

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

احسن اقبال 1993 میں پہلی مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ احسن اقبال 1997، 2008، 2013، 2018 اور2024 میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

احسن اقبال وفاقی وزیرداخلہ اور وفاقی وزیرمنصوبہ بندی رہ چکے ہیں۔ احسن اقبال پر 2018 میں قاتلانہ حملہ بھی ہوا تھا جس میں وہ محفوظ رہے۔

سید محسن نقوی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

جھنگ کے سید گھرانے سے تعلق رکھنے والے سید محسن نقوی لاہور میں پیدا ہوئے۔ محسن نقوی نے کریسنٹ ماڈل اسکول سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجویشن کیا۔

محسن نقوی نے امریکا سے صحافت کی ڈگری حاصل کی اور امریکی نشریاتی ادارے کے ساتھ 2009 تک منسلک رہے۔ محسن نقوی نے 2008 میں لاہور میں ٹی وی چینل کی بنیاد رکھی۔

جنوری 2023 میں محسن نقوی پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ بنے۔ محسن نقوی 6 فروری 2024 کو تین سال کے لیے پی سی بی کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوئے۔

رانا تنویر حسین

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

رانا تنویرحسین 1985 میں پہلی مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ آپ 1990، 1997، 2008، 2013، 2018 اور 2024 میں بھی ایم این اے منتخب ہوئے۔

رانا تنویر وزیردفاعی پیداور، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اور وزیرتعلیم رہے ہیں۔

اعظم نذیر تارڑ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اعظم نذیر تارڑ 2021 میں سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے، آپ سینیٹ میں قائد ایوان بھی رہے ہیں۔

ماضی میں اعظم نذیر تارڑ وفاقی وزیر قانون و انصاف رہ چکے ہیں۔

چوہدری سالک حسین

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

چوہدری سالک حسین 2018 میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ آپ سرمایہ کاری بورڈ کے وزیر رہے ہیں۔

اسحاق ڈار

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

4 بار ملک کے وزیرخزانہ رہنے والے اسحاق ڈار 2003 سے 2022 تک سینیٹ کے رکن رہے ہیں۔

اسحاق ڈار 1998 سے 1999 تک اور مارچ 2008 سے مئی 2008 تک وزیر خزانہ رہے۔ اسحاق ڈار 2013 سے 2017 تک اور 2022 سے 2023 تک بھی وزیر خزانہ رہے۔

اسحاق ڈار فروری 1997 سے جولائی 1997 تک وزیرِ صنعت اور سرمایہ کاری رہے، دسمبر 1997 سے اکتوبر 1999 تک وفاقی وزیر تجارت رہے۔

اسحاق ڈار مارچ 2012 سے جون 2013 تک سینیٹ میں قائد حزب اختلاف رہے۔

مصدق ملک

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

مصدق ملک 12 مارچ 2018 سے سینیٹ کے رکن ہیں۔

مصدق ملک اپریل 2013 سے جون 2013 تک وفاقی وزیر پانی وبجلی رہے جبکہ 2013 سے 2018 تک وزیرمملکت رہے۔

مصدق ملک اپریل 2022 سے اگست 2023 تک وزیر پیٹرولیم و توانائی رہے۔

عطا اللہ تارڑ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

عطااللہ تارڑ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ہیں۔ آپ سابق صدر پاکستان محمد رفیق تارڑ کے پوتے ہیں۔ آپ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے داخلہ و قانونی امور رہے ہیں۔

عطا اللہ تارڑ 2022 کے آغاز میں پنجاب حکومت کے ترجمان رہے ہیں۔ آپ جولائی 2022 میں وفاقی کابینہ میں معاون خصوصی برائے محکمہ انسداد منشیات رہے۔

عطا اللہ تارڑ دسمبر 2022 میں پنجاب کے وزیر داخلہ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

ریاض حسین پیرزادہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

ریاض حسین پیرزادہ مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ہیں۔ آپ 1993 اور 2018 سے 2023 تک ممبر قومی اسمبلی رہے۔

ریاض حسین پیرزادہ 1985 اور 1988 میں رکن صوبائی اسمبلی پنجاب رہے۔ ریاض حسین پیرزادہ 2022 میں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق رہے۔ آپ 18-2017 میں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رہے۔

قیصر احمد شیخ

فوٹو: قومی اسمبلی
فوٹو: قومی اسمبلی

ڈاکٹر قیصر احمد شیخ مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ہیں۔ آپ 2013 سے 2023 تک بھی رکن قومی اسمبلی رہے۔

قیصراحمد شیخ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین بھی رہے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر ہیں۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی 1997 سے 1998 تک صنعت و پیداوار کے وفاقی وزیر رہے۔

خالد مقبول صدیقی نے 2018 سے 2020 تک بطور وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام خدمات سرانجام دیں۔

محمد اورنگزیب

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

محمد اورنگزیب نے اپنے پروفشنل کیریئر کا آغاز نجی بینک سے کیا۔ آپ نجی بینک کے کنٹری منیجر کے عہدے پر فائز رہے۔

محمد اورنگزیب پاکستان بزنس کونسل کے ڈائریکٹر بھی رہے۔

محمد اورنگزیب نے کابینہ میں شمولیت کے لیے نجی بینک کے عہدے کے ساتھ ڈچ قومیت بھی چھوڑ دی۔

عبد العلیم خان

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

عبد العلیم خان این اے 117 سے عام انتخابات میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ عبد العلیم خان 2003 سے 2007 اور 2018 سے 2021 تک رکن پنجاب اسمبلی رہے۔

عبد العلیم خان 2019 سے 2021 تک صوبائی وزیر برائے خوراک بھی رہے۔

اویس احمد لغاری

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اویس احمد لغاری سابق صدر فاروق احمد لغاری کے صاحبزادے ہیں۔ سردار اویس لغاری 1997 سے 1999 تک رکن پنجاب اسمبلی رہے۔

اویس لغاری 2002 سے 2004 تک وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی رہے۔ اویس لغاری نے 2017 سے 2018 تک وفاقی وزیر توانائی کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔

جام کمال

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

جام کمال خان 2018 سے 2021 تک وزیر اعلیٰ بلوچستان رہے۔ جام کمال 2013 سے 2018 تک وزیر مملکت برائے پٹرولیم رہے۔

امیر مقام

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

امیر مقام پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر ہیں اور اکتوبر 2013 سے خیبر پختونخوا میں وفاقی محکموں پر وزیر اعظم کے مشیر رہے۔

احد خان چیمہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

احد خان چیمہ چیئرمین ایل ڈے اے رہے، جیل بھی کاٹی مگر عدم ثبوت کی بنیاد پر رہا ہوئے، شہباز شریف کے گزشتہ دور حکومت میں مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ امور رہے۔

شزا فاطمہ خواجہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

شزا فاطمہ خواجہ  2013 میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر رکن قومی اسمبلی بنیں۔ آپ شہباز شریف کے گزشتہ دور حکومت میں وزیر مملکت رہیں۔


مزید خبریں :