Time 11 مارچ ، 2024
دلچسپ و عجیب

ترکیہ میں دنیا کی قدیم ترین 8600 سال پرانی روٹی دریافت

اس مقام سے روٹی کو دریافت کیا گیا / فوٹو بشکریہ Necmettin Erbakan یونیورسٹی
اس مقام سے روٹی کو دریافت کیا گیا / فوٹو بشکریہ Necmettin Erbakan یونیورسٹی

ماہرین نے ترکیہ میں دنیا کی قدیم ترین روٹی دریافت کی ہے۔

یہ روٹی 8 ہزار 600 سال پرانی ہے جو پکی ہوئی نہیں بلکہ کچی ہے۔

ماہرین کے خیال میں ہزاروں سال قبل کسی فرد نے آٹا گوندھا ہوگا مگر پھر اسے کسی وجہ سے پکانے کا ارادہ ترک کر دیا ہوگا۔

یہ روٹی ایک تندور کے قریب دریافت ہوئی اور ماہرین نے اسے دنیا کی قدیم ترین روٹی قرار دیا ہے۔

ترکیہ کی Necmettin Erbakan یونیورسٹی کے ماہرین آثار قدیمہ نے اس روٹی کو صوبہ قونیہ کے تاریخی علاقے Çatalhöyük میں دریافت کیا۔

اس علاقے میں موجود ایک حصے کو Mekan 66 کا نام دیا گیا ہے جہاں مٹی کی اینٹوں سے بنے قدیم گھر موجود ہیں۔

روٹی، گندم، جو اور دیگر اشیا کو بھی اس مقام پر دریافت کیا گیا اور تجزیے سے عندیہ ملا کہ یہ روٹی 8600 سال پرانی ہے۔

ماہرین نے بتایا کہ ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ یہ دنیا کی قدیم ترین روٹی ہے۔

یہ روٹی 8600 سال پرانی ہے / فوٹو بشکریہ Necmettin Erbakan یونیورسٹی
یہ روٹی 8600 سال پرانی ہے / فوٹو بشکریہ Necmettin Erbakan یونیورسٹی

انہوں نے مزید بتایا کہ گندم کو ہاتھوں سے گوندھا تو گیا مگر پکایا نہیں گیا، تاہم اس روٹی میں خمیر موجود ہے اور اس کے اندر موجود نشاستہ نے ہی اسے اب تک بچائے رکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ہم نے اسے دریافت کیا تو شک ہوا تھا کہ یہ ایک روٹی ہے اور مائیکرو اسکوپ میں دیکھنے کے بعد اس میں اجناس کے ذرات کو دیکھا گیا جس سے تصدیق ہوئی کہ یہ واقعی ایک روٹی ہے۔

ماہرین کے مطابق تجزیے سے ثابت ہوا کہ گندم اور پانی کو مکس کرکے تندور کے پاس چھوڑ دیا گیا، دنیا بھر میں اب تک اس طرح کی کوئی دریافت نہیں ہوئی۔

ماہرین نے بتایا کہ اس مقام پر موجود لکڑیوں اور روٹی کو مٹی کی پتلی تہہ نے ڈھانپ لیا تھا جس سے انہیں محفوظ رہنے میں مدد ملی۔

مزید خبریں :