بیٹے کو شوبز انڈسٹری میں کیوں نہیں آنا چاہیے؟ یاسر حسین نے وضاحت کردی

اداکار یاسر حسین نے بیٹے کے شوبز انڈسٹری میں نہ آنے کی اپنی خواہش پر وضاحت کردی۔

گزشتہ دنوں اداکار یاسر حسین کے ایک انٹرویو کا کلپ سوشل میڈیا پر گردش کررہا تھا جس میں اداکار بیٹے کبیر کو انڈسٹری میں کام نہ کرنے کے حق میں بات کررہے تھے۔

اس کلپ کے وائرل ہونے کے بعد بہت سے لوگوں نے اعتراض بھی کیا کہ اداکار اپنی بیوی سمیت اسی شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہیں اس کے باوجود انہوں نے بیٹے کیلئے ایسی بات کہی ہے۔

البتہ جیو ڈیجیٹل کو دیے خصوصی انٹرویو میں یاسر حسین نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کلپ کے وائرل ہونے کے بعد بہت سے لوگوں کے انڈسٹری سے فون آئے، ویسے جب بھی انڈسٹری سے فون آیا ہے اس کے بعد کام کھبی نہیں ملا لیکن اس مرتبہ سب نے میری کہی بات کو جرات مندانہ اقدام کہا، البتہ میں نے بیٹے کے انڈسٹری کے کام نہ کرنے پر جو کچھ کہا وہ اس وجہ سے کہا تھا کہ شوبز انڈسٹری کی بہت سی چیزیں اچھی ہیں میں اور میری بیوی آج بھی اسی انڈسٹری سے وابستہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اکثر لوگ کمنٹس میں کہہ رہے ہیں بیوی بھی اسی انڈسٹری میں کام کرتی ہے اور آپ بھی اسی انڈسٹری میں ہو تو انہیں کہنا چاہتا ہوں یہ بالکل ایسے ہی ہے کہ آپ رہتے تو پاکستان میں ہیں لیکن آسٹریلیا جانا چاہتے ہیں اور اپنے بچوں کو بھی بھیجنا چاہتے ہیں لیکن آپ کے سوچنے سے کچھ نہیں ہوتا، رہ تو اسی ملک میں رہے ہیں ناں؟

اداکار نے کہا کہ ’یہ تو ہماری مجبوری ہے ہم اس انڈسٹری میں ہیں جہاں برا کام ہورہا ہے، اگر اس انڈسٹری کو بہتر بنا سکے تو اچھا ہے، آج تک اپنے کام سے کوشش کر رہے ہیں کہ انڈسٹری کو بہتر بنا سکیں‘۔

اس سوال پر کیا بیگم کو اسکرپٹ چننے میں مشورہ دیتے ہیں؟ یاسر کا کہناتھا کہ جب بیگم مشورہ مانگیں تب دیتا ہوں، خود سے نہیں جب وہ مانگتی ہیں تو اپنی رائے دیتا ہوں۔

اداکار یاسر حسین عید الفطر پر آرٹس کونسل میں منعقد ہونے والے ہدایتکار فرحان عالم کے تھیٹر پلے ’ہوٹل جان جاں‘ میں، عمرعالم ، فضا منیر اور طلبہ کے ساتھ نظر آئیں گے۔

مزید خبریں :