کوشش کرتا ہوں اپنی پرفارمنس سے فینز کو خوشیاں دوں، ان کی ہر خواہش پوری کروں: بابر اعظم

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ میں تنقید پر زیادہ دھیان نہیں دیتا، گراؤنڈ میں پرفارم کرتا ہوں، کسی کو کچھ بتانے کی ضرورت نہیں۔

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے 29 ویں میچ میں پشاور زلمی نےکراچی کنگز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2 رنز سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

پشاور زلمی 10 میچز میں 13 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیببل پر سر فہرست ہے۔

کراچی کنگز کے خلاف میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ بہترین دستیاب پلیئرز پر ٹیم سلیکٹ کی تھی، ابتدا میں ہمیں کامبی نیشن بنانے میں مسائل ہوئے۔

بابر اعظم نے کہا کہ صائم تو اب آل راؤنڈر بن گیا ہے،اس کے ہونے سے ہمیں بولنگ میں اچھا آپشن مل جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی گیم کا پتہ ہے، اپنا کھیل روز بروز بہتر کرنے کی کوشش کرتا ہوں، جب عوام بابر، بابر کی آواز لگاتی تو وہ احساس الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا، جب عوام میرا نام لیتے ہیں تو اچھا لگتا ہے، کوشش کرتا ہوں کہ اپنی پرفارمنس سے فینز کو خوشیاں دوں ، کوشش ہوتی ہے کہ فینز کی ہر خواہش پوری کروں۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ میرا اور صائم کا کھیلنے کا طریقہ مختلف ہے ، ہم ایک پلان بناکر کھیلتے ہیں، ہم دونوں میں کمیونیکیشن ہوتی ہے، اس کے ساتھ اوپن کرکے اچھا لگتا ہے۔

بابر نے کہا کہ مجھ پر کسی چیز کا پریشر نہیں ہے، میں نے جو بھی فیصلہ کیا وہ پاکستان کیلئے کیا، میں ون ڈاؤن کھیلنے پر ذاتی طور پر مطمئن نہیں تھا مگر پاکستان کیلئے کیا۔

مزید خبریں :