گھر سےکیوں نکلے؟ کراچی میں لاپتا ہونیوالے بچوں نے پولیس کو بیان میں بتادیا

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد سے لاپتا ہونے والے بچوں نے واپسی کے بعد پولیس کو بیان دے دیا ہے۔ 

لاپتا ہونے والے ایان نے بیان دیا کہ ہم اپنی مرضی سے گھر سے نکلے تھے، نانی اور خالہ گالیاں دیتی تھیں اور گھر کی صفائی کراتی تھیں۔ نانی کےگھر سختی ہوتی تھی، نانی اور خالہ کھانا بھی خراب دیتی تھیں۔ ایان نے بتایا کہ ہم کورونا کے بعد سے اسکول بھی نہیں گئے تھے۔

ایان نے پولیس کو بیان دیا کہ ایک انکل آنٹی نظر آئے تو ان کے پاس گئے جو اپنے گھر لے گئے اور ہمار ا خیال رکھا۔ ایان نے بتایا کہ ہم نے انکل آنٹی کے گھر رات گزاری۔ انہوں نے ہمارا خیال رکھا، ہم سے گھر کی بھاگنے کی وجہ پوچھی، ہمیں نارتھ ناظم آباد کے مال میں انکل آنٹی نے چھوڑا تھا۔

دوسری جانب پاکستان رینجرز سندھ نے اپنے بیان میں کہا ہےکہ  رینجرز سندھ نے اغوا برائے تاوان کی واردات کو ناکام بنادیا ہے۔

ترجمان رینجرز نے کہا کہ 12مارچ کونارتھ ناظم آباد سے کم عمر بہن بھائی ایان اور انابیہ لاپتہ ہوئےتھے، بچوں کی والدہ کو اغوا برائے تاوان کی بیرون ملک سے کال موصول ہوئی تھی جس میں اغوا کاروں نے بچوں کی والدہ سے 10 لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا۔

ترجمان نے بتایا کہ جدیدتکنیکی ذرائع استعمال کرتے ہوئے بچوں کا سراغ لگایا گیا، اغواکارگرفتاری سے بچنے کے لیے بچوں کو کراچی کے علاقے حیدری میں چھوڑ کر فرار  ہوئے۔

خیال رہے کہ بچوں کی والدہ شمائلہ ناز نے فیس بک پوسٹ کے ذریعے بتایا تھا کہ ان کے دو کم عمر بچے 12 سالہ ایان اور 11 سالہ انابیہ منگل کی رات 12 بجے سے لاپتا ہیں۔

اس حوالے سے یہ بھی معلوم ہوا ہےکہ بچوں کی والدہ شمائلہ ناز ملازمت کے سلسلے میں یواے ای میں مقیم ہے

والدہ کی پوسٹ کے مطابق بچے فوڈ چین تک برگر لینے نکلے تھے اور  پھر کئی گھنٹےگزر جانے کے باوجود گھر نہیں پہنچے۔

اس حوالے سے ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا تھا کہ بچوں کے والدین میں علیحدگی ہوچکی ہے، بچوں کی کسٹڈی کے لیے والدین میں تنازع چل رہا ہے تاہم واقعہ کا مقدمہ درج کیا جائے گا اور اس کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے۔

بعدازاں شمائلہ ناز نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے ہی اطلاع دی کہ دونوں بچے خیریت سے گھر پہنچ گئے ہیں۔

بچوں کی والدہ کے مطابق کسی پرائیویٹ نمبر سے فون آیا اور حیدری پر کوئی جگہ بتائی گئی، میرا بھائی رینجرز کے ساتھ اس جگہ پہنچا تو بچے مل گئے۔

مزید خبریں :