فیکٹ چیک: کیا عظمیٰ بخاری نے مریم نواز شریف کے بارے میں یہ کہا تھا؟

عظمیٰ بخاری مریم نواز شریف کے بارے میں نہیں بلکہ پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما یاسمین راشد کے بارے میں بات کر رہی تھیں۔

ایک کلپ، جسے سوشل میڈیا پر 6 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے، اس ”نایاب ویڈیو “ میں پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا مذاق اڑاتے ہوئے دکھانے کا دعویٰ کیا گیا ہے، جس میں مریم نواز شریف پر پنجاب میں مقامی حکومتوں میں کونسلر منتخب ہونے کے اہل نہ ہونے کا الزام لگایا گیا ہے۔

دعویٰ جھوٹا ہے۔عظمیٰ بخاری کی تقریر کے معنی بدلنے کے لئے اس میں ترمیم کی گئی ہے۔ ان کے تبصروں کا رخ ایک اور سیاستدان یاسمین راشد کی طرف تھا۔

دعویٰ

مریم نواز شریف کے پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ منتخب ہونے کے بعد X اور فیس بک پر ایک ویڈیو کلپ گردش کرنے لگا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے کلپ میں، عظمیٰ زاہد بخاری، جو اس وقت پنجاب کی وزیر اطلاعات کے ساتھ ساتھ مریم نواز شریف کی پارٹی پاکستان مسلم لیگ ن کی رکن بھی ہیں، کو مبینہ طور پر مریم نواز شریف کے بارے میں یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے:

”آئیں نا مریم نواز آ کر بیٹھیں میرے ساتھ بات کریں، بی بی آپ ہیں کون، آپ کونسلر نہیں ہوسکتیں، آپ پتہ نہیں کس کھیت کی مولی ہیں، آپ کو کیا غلط فہمی ہوگئی ہے اپنے بارے میں۔“

اسی طرح کے دعوے یہاں، یہاں اور یہاں  بھی شیئر کیے گئے تھے۔

حقیقت

جیو فیکٹ چیک نے پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری کی اصل پریس کانفرنس کا سراغ لگایا۔ ان کی اصل پریس کانفرنس حالیہ نہیں بلکہ 26 فروری 2023 کی ہے۔

میڈیا ٹاک جس کو کئی ٹی وی چینلز نے ٹیلی کاسٹ کیا، اس میں عظمیٰ بخاری کو واضح طور پر مریم نواز شریف کے بارے میں نہیں بلکہ پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما یاسمین راشد کے بارے میں بات کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔

پرانی ویڈیو میں، عظمیٰ بخاری نے یاسمین راشد پر سیاستدان مریم نواز شریف کے لیے نامناسب الفاظ استعمال کرنے کا الزام لگایا، جو اس وقت مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر تھیں، جس کے بعد عظمیٰ بخاری یاسمین راشد کے بارے میں درج ذیل الفاظ کہتی ہیں:

”انہوں نے کل جو گفتگو فرمائی اس میں انہوں نے کہا کہ آئیں نا، مریم نواز میرے ساتھ آ کے بیٹھیں بات کریں، بی بی آپ ہیں کون؟ آپ کونسلر نہیں ہو سکتیں، آپ کی یہ اوقات ہے۔ “

اضافی رپورٹنگ: محمد بنیامین اقبال

ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔