14 مارچ ، 2024
پاکستان تحریک انصاف نے پشاور ہائیکورٹ کے مخصوص نشستوں سے متعلق سنی اتحاد کونسل کی درخواستیں خارج کرنے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔
تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے پر بات ہوئی، سپریم کورٹ سے استدعا ہوگی لارجر بینچ بنا کر اپیل کو جلد سنے۔
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی طبعیت ٹھیک ہے،کے پی کے سے سینیٹ الیکشن کےبارے میں مشاورت کی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آج کل میں امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیں گے، کے پی حکومت میں کمیٹی بنائیں گے جس میں شیر افضل مروت بھی شل ہوں گے، جن لوگوں سے زیادتی ہوئی ان کا کیسے مداوا کریں گے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ 23 مارچ کو پی ٹی آئی جلسہ منعقد کرے گی، حکومت کی جیت کو جیت نہیں مانتے، یہ نتائج فارم 47 کی بنیاد پر آئے، سازش کے تحت ہمارے امیدواروں کو ری کاؤنٹنگ میں ہرانے کی کوشش جاری ہے، کئی کیسز ایسے ہیں جن کی دوبارہ گنتی کی کوشش جاری ہے،عدلیہ سے استدعا ہے اس عمل کو روکیں اس سے بدامنی پھیلے گی۔
واضح رہے کہ پشاور ہائیکورٹ نے مخصوص نشستوں سے متعلق سنی اتحاد کونسل کی درخواستیں خارج کردیں۔