کھیل
Time 15 مارچ ، 2024

واٹسن کو پاکستان ٹیم کا سب سے زیادہ معاوضہ لینے والا کوچ بنانیکی پیشکش

شین واٹسن کے بعد مائیک ہیسن اور ڈیرن سیمی پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کے کوچ کیلئے اہم امیدواروں میں شامل ہیں/فوٹوفائل
شین واٹسن کے بعد مائیک ہیسن اور ڈیرن سیمی پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کے کوچ کیلئے اہم امیدواروں میں شامل ہیں/فوٹوفائل 

پاکستان کرکٹ بورڈ نے (پی سی بی) سابق آسٹریلوی کرکٹر اور پی ایس ایل 9 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ شین واٹسن کو پاکستان کرکٹ کی تاریخ  میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والا کوچ بنانے کی پیشکش کی ہے۔

مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شین واٹسن کو پی سی بی کی جانب سے 2 ملین ڈالر سالانہ تنخواہ  پر مینز کرکٹ ٹیم کا کوچ بنانے کی پیشکش کی گئی ہے، معاہدے پر دستخط ہونے کی صورت میں واٹسن ممکنہ طور پر پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے کوچ بن سکتے ہیں۔

تاہم رپورٹ میں شین واٹسن کے قریبی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ شین واٹسن شاید اس پیشکش کو قبول نہ کریں، بتایا جارہا ہے کہ واٹسن شاید اس پیشکش کو سنبھالنے میں دلچسپی اس لیے نہیں رکھتے کیونکہ وہ طویل عرصے تک اپنے خاندان سے دور نہیں رہنا چاہتے۔

شین واٹسن کے بعد مائیک ہیسن اور ڈیرن سیمی پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کیلئے اہم امیدواروں میں شامل ہیں، مائیک ہیسن اور ڈیرن سیمی اس وقت بالترتیب اسلام آباد یونائیٹڈ اور  پشاور زلمی کے لیے بطور  ہیڈ کوچ ذمہ داریاں نبھارہے ہیں۔

محسن نقوی کی قیادت میں پی سی بی مینز کرکٹ ٹیم کے لیے  مضبوط کوچنگ اسٹاف کی تقرری میں دلچسپی رکھتا ہے تاہم کسی نامور کوچ کی تقرری کیلئے وقت درکار ہوگا کیونکہ ان ناموں میں شامل کئی امیدوار اس وقت انٹرنیشنل لیگز میں کام کر رہے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے وقت پر خالی جگہ کو پُر کرنے کے لیے پی سی بی غیر ملکی کنسلٹنٹس کے ساتھ مقامی کوچز کی تقرری کے امکان پر بھی غور کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 18 اپریل سے ہوگا۔

خیال رہے کہ مکی آرتھر، گرانٹ بریڈ برن اور اینڈریو پوٹک نے رواں سال جنوری میں اپنے اپنے عہدوں سے برخاست ہوگئے تھے، گزشتہ برس اپریل میں مکی آرتھر کو پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کا ڈائریکٹر نامزد کیا گیا تھا،  بریڈ برن کو گزشتہ سال کے آغاز  میں پاکستان مینز کرکٹ  ٹیم کا ہیڈ کوچ  جبکہ جنوبی افریقا کے سابق کرکٹر پوٹک اپریل 2023 سے بیٹنگ کوچ کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔

مزید خبریں :