15 مارچ ، 2024
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہےکہ مٹھی بھر شرپسند آئی ایم ایف کو کہہ رہے ہیں انکا لیڈر رہا ہو تو پاکستان کو امداد دیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ اقتدار سنبھالتے ہی معاشی صورتحال میں بہتری آئی ہے، وزیراعظم ملک کے مسائل کا جلد حل چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ملک اس لیے نہیں بنایاگیا تھا جس ایجنڈے پرآج تحریک انصاف چل رہی ہے، ہم نے تو میثاق معیشت کی بات تب کی تھی جب اپوزیشن میں تھے، ہم مسائل پیدا کرنے کےلیے نہیں، مسائل کے حل کے لیے آئے ہیں، عوام نے ہمیں مسائل کے حل کےلیے ایوان میں بھیجا ہے۔
عطا تارڑ کاکہنا تھاکہ مٹھی بھرشرپسند عناصر نے امریکا میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے باہراحتجاج کیا، یہ آئی ایم ایف کو کہہ رہے ہیں کہ ہمارے لیڈر کو رہاکیا جائےتو پاکستان کو امداد دیں، قوم کو کہتے تھے امریکا نے سازش کی، اب امریکا میں بیٹھ کر مظاہرہ کررہے ہیں، 9 مئی میں ملوث ملک دشمن جماعت پاکستان کے مفادات کے خلاف کام کررہی ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات مثبت انداز میں جاری ہیں اور بات چیت کا اچھا اثر سامنےآرہا ہے، اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان دیکھنے میں آرہا ہے، وزیراعظم نے معاشی اصلاحات پر جامع ایجنڈا دیا ہے، ایف بی آرکی تنظیم نو، ٹیکس نیٹ بڑھانے اور حکومتی اخراجات کم کرنے کی بات کی ہے، وزیراعظم کا وژن ہے کہ اپنے خون پسینے سے اس ملک کو سنواریں گے۔