17 مارچ ، 2024
روسی میں صدارتی انتخابات کے دوران متعدد ووٹرز نے آنجہانی اپوزیشن لیڈر الیکسی ناولنی کی جانب سے مرنے سے قبل دی گئی مظاہرے کی کال پر عمل کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اتوار کے روز ہزاروں روسی ووٹرز نے ’نون اگینسٹ پیوٹن‘ مظاہروں میں حصہ لیا۔
اپوزیشن نے ان مظاہروں کو روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے دوبارہ صدر منتخب ہونے کے خلاف پر امن احتجاج قرار دیا۔
ان مظاہروں میں پیوٹن مخالف ووٹرز دن بارہ بجے پولنگ اسٹیشنز پہنچے جہاں انہوں نے اپنا بیلٹ پیپر ضائع کیا یا پھر پیوٹن کے مدمقابل تین امیدواروں میں سے کسی کو ووٹ دیا۔
کچھ لوگوں نے بیلٹ پیپر پر آنجہانی اپوزیشن لیڈر الیکسی ناولنی کا نام بھی تحریر کیا۔
واضح رہے کہ خود الیکسی ناولنی نے اپنی موت سے قبل سوشل میڈیا پر اپنے وکلا کے ذریعے دیے گئے ایک پیغام میں ’نون اگینسٹ پیوٹن‘ مظاہروں کی کال دی تھی۔
خیال رہے کہ روس میں صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ کا آج آخری دن ہے اور قوی امکان ہےکہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے صدر پیوٹن پانچویں بار روس کے صدر بن جائیں گے۔ پیوٹن 1999 سے روس پر حکمرانی کر رہے ہیں۔