16 فروری ، 2024
روسی جیل میں قید اپوزیشن رہنما الیکسی ناولنی پراسرار طور پر انتقال کر گئے۔
روسی میڈیا کے مطابق روسی اپوزیشن لیڈر الیکسی ناولنی جیل میں 19 سال قید کی سزا کاٹ رہے تھے اور دوران قید پراسرار طور پر ہلاک ہوگئے۔
الیکسی ناولنی روس کے سرد ترین علاقوں میں سے ایک شہر خارپ میں ’پولر وولف کالونی‘ میں قید تھے، یہاں کا موسم ہمیشہ سرد رہتا ہے۔
جیل کے حکام نے بتایا ہے کہ ناولنی چہل قدمی کے بعد اچھا محسوس نہیں کر رہے تھے جس کے فورا بعد ہی وہ بے ہوش ہوگئے، طبی عملے نے موقع پر پہنچ کر ان کا معائنہ کیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔
طبی عملے کا کہنا ہے کہ موت کی وجوہات کا تعین اب تک نہیں کیا جا سکا جبکہ صدارتی محل کے مطابق صدر پیوٹن کو ناولنی کی موت سے آگاہ کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ناولنی جنوری 2021 میں جرمنی سے زہرخورانی کے اثر سے صحتیاب ہوکر ماسکو آنے کے بعد سے جیل میں قید ہیں۔ انہوں نے گرفتاری سے قبل حکومت مخالف متعدد احتجاج کی سربراہی کی تھی۔