19 مارچ ، 2024
پاکستان سپر لیگ کے نویں سیزن کا فائنل گزشتہ شب ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا گیا جہاں اسلام آباد نے ملتان کو دو وکٹوں سے شکست دی۔
اس مقابلے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے آل راؤنڈر عماد وسیم پلیئر آف دی میچ قرار دیے گئے جنہوں نے 23 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو پویلین لوٹایا اور 17 گیندوں پر 19 ناقابل شکست رنز بنائے۔
پہلی اننگز (ملتان سلطانز کی بیٹنگ کے دوران) کے 18ویں اوور میں عماد وسیم گراؤنڈ سے چلے گئے، اس وقت ملتان کا اسکور 127 پر 9 کھلاڑی آؤٹ تھا اور کریز پر افتخار احمد اور محمد علی موجود تھے۔
اس دوران جب کیمرہ مین نے ڈریسنگ روم دکھایا تو عماد وسیم وہاں بیٹھے سگریٹ پی رہے تھے، آل راؤنڈر کو معلوم نہ ہوسکا کہ کیمرہ ان کی جانب ہے، البتہ جیسے ہی پتا چلا انہوں نے فوراً اپنی سگریٹ نیچے کردی۔
عماد وسیم کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس پر صارفین دلچسپ تبصرے کررہے ہیں۔