فیکٹ چیک: پلڈاٹ کی انتخابی رپورٹ کو آن لائن غلط طریقے سے پیش کیا گیا

2024 کے عام انتخابات کو پلڈاٹ نے اپنے جائزے میں سابقہ تمام انتخابات کے مقابلے میں نہیں بلکہ صرف گزشتہ دو انتخابات، 2018 اور 2013 کے مقابلے میں سب سے کم منصفانہ قرار دیا ہے۔

فیس بک اور X ( ٹوئٹر) پوسٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 2024 کے پارلیمانی انتخابات کے بارے میں ایک حالیہ رپورٹ میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیجسلیٹو ڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی (PILDAT) نے اس الیکشن کو سب سے کم منصفانہ قرار دیا ہے۔

دعویٰ گمراہ کن ہے۔ 

8 فروری کے انتخابات کو پچھلے تمام انتخابات کے مقابلے میں نہیں بلکہ 2013 کے بعد سب سے کم منصفانہ قرار دیا گیا ہے۔

دعویٰ

7 مارچ کو X، جو پہلے ٹوئٹر کے نام سے جانا جاتا تھا، پر ایک صارف نے ایک ٹی وی چینل کا ایک گرافک شیئر کیا جس میں الزام لگایا گیا کہ ”پلڈاٹ کی رپورٹ کے مطابق 2024 کے عام انتخابات میں سب سے کم منصفانہ اسکور ریکارڈ کیا گیا۔“

اس پوسٹ کو اب تک 72 ہزار سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے اور تقریباً 10ہزار مرتبہ لائک کیا گیا ہے۔

اس جیسے دعوے یہاں، یہاں اور یہاں بھی شیئر کیے گئے۔

حقیقت

لاہور میں قائم ایک آزاد تھنک ٹینک پلڈاٹ کے 2024 کے عام انتخابات کے جائزے کے مطابق انہیں ملک کے تمام سابقہ انتخابات کے مقابلے میں نہیں بلکہ گزشتہ دو انتخابات، 2018 اور 2013 کے مقابلے میں سب سے کم منصفانہ قرار دیا گیا ہے۔

پلڈاٹ کی رپورٹ، جس کا عنوان ’عام انتخابات 2024 کے معیار کا جائزہ‘ ہے، کو 6 مارچ کو جاری کیا گیا تھا۔ یہ رپورٹ درج ذیل لنک پر بھی عوامی طور پر دستیاب ہے۔

اس میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ 2024 کے انتخابات میں 49 فیصد کا اسکور ملا تھا جو کہ 2018 کے انتخابات کے اسکور سے تین پوائنٹس کم تھا، 2013 اور 2018 کے انتخابات معیار کے لحاظ سے بالترتیب 57 فیصد اور 52 فیصد تھے۔

یہ رپورٹ تھنک ٹینک کے آزادانہ تجزیے پر مبنی ہے جس میں سیاست دانوں، سول سوسائٹی، وکلاء، کارکنوں، ماہرین تعلیم، ریٹائرڈ بیوروکریٹس، ریٹائرڈ فوجی حکام اور سیاسی طور پر آگاہ نوجوانوں کے جائزوں کا اشتراک کیا گیا ہے۔

پلڈاٹ کے صدر احمد بلال محبوب نے بھی اس کی تصدیق کی، انہوں نے فون پر جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ آن لائن گردش کرنے والے دعوے ”گمراہ کن“ ہیں۔

احمد بلال محبوب نے کہا کہ ”حقیقت میں 2002 اور 2008 کے [انتخابات] میں اس [2024] کے انتخابات سے کم اسکور تھا۔“ رپورٹ کے مطابق 2002 کے انتخابات میں 37 فیصد اور 2008 کے انتخابات میں 40 فیصد اسکور ہوئے تھے۔

پلڈاٹ کی رپورٹ میں پچھلے دو انتخابات کے مقابلے میں 2024 کو سب سے کم منصفانہ درجہ دیا ہے۔
پلڈاٹ کی رپورٹ میں پچھلے دو انتخابات کے مقابلے میں 2024 کو سب سے کم منصفانہ درجہ دیا ہے۔

اضافی رپورٹنگ: محمد بنیامین اقبال

ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔