وزیراعظم اور کابینہ کا رضاکارانہ طور پر تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا فیصلہ

وفاقی کابینہ نے تنخواہیں اور مراعات نہ لینےکا فیصلہ حکومتی سطح پر کفایت شعاری کی ترویج کے تناظر میں لیا۔ فوٹو فائل
وفاقی کابینہ نے تنخواہیں اور مراعات نہ لینےکا فیصلہ حکومتی سطح پر کفایت شعاری کی ترویج کے تناظر میں لیا۔ فوٹو فائل

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی کابینہ نے رضاکارانہ طور پر تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کابینہ اراکین کو آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول ایگریمنٹ پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ آئی ایم ایف معاہدے سے ملکی معیشت میں بہتری آئے گی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ نے پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز ہولڈنگ کمپنی تشکیل دینے کی منظوری بھی دی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ پی آئی اے کی نجکاری کی طرف ایک اہم پیشرفت ہے۔

وفاقی کابینہ نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں ہونے والے دہشتگرد حملے کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا عزم بھی کیا۔

اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف سمیت کابینہ اراکین نے رضاکارانہ طور پر تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا فیصلہ بھی کیا۔

کابینہ اراکین کا تنخواہیں اور مراعات نہ لینےکا فیصلہ حکومتی سطح پر کفایت شعاری کی ترویج کے تناظر میں لیا گیا۔

مزید خبریں :