20 مارچ ، 2024
میٹا کی جانب سے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے واٹس ایپ کو نمایاں حد تک تبدیل کر دیا گیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے کافی عرصے سے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے یوزر انٹرفیس کو تبدیل کرنے پر کام کیا جا رہا تھا۔
اب یہ نیا یوزر انٹرفیس صارفین کو متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
اس تبدیلی کے بعد اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں واٹس ایپ کا ڈیزائن نمایاں حد تک بدل گیا ہے یا یوں کہہ لیں کہ بالکل نیا محسوس ہوتا ہے۔
اس نئے ڈیزائن میں اوپر موجود چیٹس، کمیونٹیز، اسٹیٹس اور کالز کے ٹیب نیچے منتقل کر دیے گئے ہیں جو کافی زیادہ بہتر محسوس ہوتے ہیں۔
اسٹیٹس ٹیب کا نام تبدیل کرکے اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے جبکہ واٹس ایپ ہوم فیڈ کے اوپر سے سبز رنگ کو ہٹا کر اسے مکمل سفید کر دیا گیا ہے۔
ڈارک موڈ کے لیے ایک نمایاں گرین کلر تھیم کا اضافہ بھی کیا گیا ہے جبکہ چیٹ ببل کے رنگوں اور فلوٹنگ ایکشن بٹن کو بھی تبدیل کیا جا رہا ہے۔
اسی طرح ٹیبز کو دائیں بائیں سوائپ کرکے بھی اوپن کیا جاسکتا ہے اور ضروری نہیں کہ نیچے ان کے آئیکون پر کلک کیا جائے۔
آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے اس طرح کا یوزر انٹرفیس کافی عرصے سے استعمال کیا جارہا ہے مگر اینڈرائیڈ میں کئی برس بعد ایپ کے ڈیزائن کو تبدیل کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اینڈرائیڈ صارفین کی جانب سے کافی عرصے سے واٹس ایپ کے یوزر انٹرفیس میں تبدیلی کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔
اس تبدیلی سے عندیہ ملتا ہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کے مطالبات کو تسلیم کیا جاتا ہے اور اس کے مطابق تبدیلیاں کی جاتی ہیں۔