21 مارچ ، 2024
وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ توانائی کے مسائل کے حل کے لیے پائیدار اقدامات کی ضرورت ہے، جوہری توانائی کے پرامن مقاصد میں استعمال کے لیے پاکستان اپنے تجربات دنیا کے ساتھ شیئر کرنے کو تیار ہے۔
برسلز میں جوہری توانائی سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہمیں صاف اور سستی توانائی کی ضرورت ہے، ماحول دوست جوہری توانائی مستقبل کے لیے قابل عمل حل پیش کرتی ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان آئی اے ای اے کا فعال شراکت دار ہے، ہم نے کوپ 28 میں کم اخراج والی ٹیکنالوجی میں جوہری توانائی کی توثیق کی تھی، جوہری توانائی کے پرامن مقاصد میں استعمال کے لیے پاکستان اپنے تجربات دنیا کے ساتھ شیئرکرنے کو تیار ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ یہ سمٹ توانائی کی بڑھتی طلب اور درپیش موسمیاتی چیلنجز کے وقت ہو رہا ہے۔ توانائی مسائل کےحل کےلیے پائیدار اقدامات کی ضرورت ہے۔
اسحاق ڈار نے اجلاس کے انعقاد پر بیلجیئم کی حکومت اور آئی اے ای اے کا شکریہ ادا کیا۔