21 مارچ ، 2024
کندھ کوٹ میں اسکول ٹیچر کے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے تیسرے روز بھی آپریشن جاری ہے۔
ایس ایس پی بشیر احمد بروہی کے مطابق کرم پور کچے میں رینجرز اور پولیس کے اہلکار آپریشن کر رہے ہیں۔
پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے اور متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کےکئی ٹھکانوں کو آگ لگادی گئی ہے۔
ایس ایس پی بشیر احمد بروہی کے مطابق پرائمری اسکول کے استاد اللہ رکھیو نندوانی کےقتل میں ڈاکو صدام نندوانی کا گینگ ملوث ہے۔ استاد کےقتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری تک آپریشن جاری رہےگا۔
خیال رہے کہ اللہ رکھیو نندوانی کو 4 روز قبل اسکول سے واپسی پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔
اللہ رکھیو نندوانی کچےکے ڈاکوؤں کے خطرے کے باوجود بچوں کو پڑھانےکے لیے اسکول پہنچتے تھے۔
اللہ رکھیو نندوانی گوٹھ نصراللہ بجارانی میں واقع پرائمری اسکول میں موٹر سائیکل پر اپنی بندوق لےکر جاتے تھے۔
چند روز پہلے اللہ رکھیو نندوانی کے بندوق لے کر اسکول جانے کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی۔