22 مارچ ، 2024
2024 کا پہلا چاند گرہن 25 مارچ کو ہوگا جسے پاکستان میں دیکھنا ممکن نہیں ہوگا۔
یہ جزوی چاند گرہن ہوگا جس کے دوران زمین کا بہت کم سایہ چاند پر نظر آئے گا۔
اس طرح کے چاند گرہن کے لیے Penumbral Lunar Eclipse کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔
پینمبرل چاند گرہن کے دوران چاند کی چمک معمولی ماند پڑتی ہے اور اسی وجہ سے اکثر افراد کو گرہن کا علم بھی نہیں ہوتا۔
یہ چاند گرہن امریکا، یورپ کے بیشتر ممالک، آسٹریلیا، افریقا، شمالی اور مشرقی ایشیا میں نظر آئے گا، جبکہ پاکستان اور بھارت میں اس کا نظارہ ممکن نہیں ہوگا۔
چاند گرہن پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق 25 مارچ کو صبح 9 بجکر 53 منٹ پر شروع ہوگا اور دوپہر 12 بجکر 12 منٹ پر عروج کو پہنچے گا۔
چاند گرہن کا اختتام دوپہر 2 بجکر 32 منٹ پر ہوگا، مجموعی طور پر چاند گرہن کا دورانیہ 4 گھنٹے 40 منٹ ہوگا۔
رواں سال دوسرا جزوی چاند گرہن 17 ستمبر کو ہوگا جبکہ مکمل چاند گرہن اگلے سال مارچ میں ہوگا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ 25 مارچ کو چاند گرہن کے چند دن بعد 8 اپریل کو مکمل سورج گرہن بھی ہوگا۔
مکمل سورج گرہن کا نظارہ بھی امریکا اور کینیڈا میں ہوگا جبکہ پاکستان میں اسے دیکھنا ممکن نہیں ہوگا۔