22 مارچ ، 2024
گوگل نے اعلان کیا ہے کہ اس نے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کے ذریعے قبل از وقت دریائی سیلاب کی درست پیشگوئی کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
خیال رہے کہ گوگل کی جانب سے حالیہ عرصے میں اے آئی ٹیکنالوجی پر بہت زیادہ کام کیا گیا ہے۔
اسی ٹیکنالوجی کو کمپنی کی جانب سے دریائی نظام کی جانچ پڑتال کے لیے بھی استعمال کیا گیا۔
جرنل نیچر میں اس حوالے سے ایک تحقیق کے نتائج جاری ہوئے ہیں۔
اس تحقیق میں بتایا گیا کہ اے آئی ٹیکنالوجی نے کچھ کیسز میں 7 دن قبل ہی دریائی سیلاب کی کامیاب پیشگوئی کر دی تھی۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں عام ترین قدرتی آفت کے لیے کسی بھی قسم کا ارلی وارننگ سسٹم اچھی خبر ہے۔
مگر سیلاب کے حوالے سے پیشگوئی کرنا آسان نہیں ہوتا کیونکہ بیشتر دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کا پیمانہ نہیں ہوتا۔
اسی کو دیکھتے ہوئے گوگل کی جانب سے مشین لرننگ ماڈلز کو ہر طرح کے متعلقہ ڈیٹا سے تربیت دی گئی تاکہ اس مسئلے کا حل نکالا جاسکے۔
اس کے بعد کمپنی کی جانب سے مقامی نقشے تیار کیے گئے اور ہر مقام کے لاکھوں سمولیشنز چلائے گئے۔
ان تکنیکس کے امتزاج سے مشین لرننگ ماڈلز کے لیے سیلاب کی قبل از وقت درست پیشگوئی کرنا ممکن ہوگیا۔
گوگل نے توقع کا اظہار کیا کہ ان تکینیکس کو عالمی سطح پر مسائل کے لیے حل کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
تحقیق کے مطابق اوسطاً اے آئی ٹیکنالوجی نے سیلاب کی پیشگوئی 5 دن قبل کی، مگر کچھ کیسز میں اے آئی ماڈلز نے 7 دن قبل پی سیلاب کی پیشگوئی کر دی۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ اس سے مختلف خطوں جیسے افریقا اور ایشیا میں سیلاب کی پیشگوئی کا نظام بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ گوگل نے اس ٹیکنالوجی سے 80 ممالک میں سیلاب کی درست پیشگوئی کی۔
کمپنی کی جانب سے ان پیشگوئیوں کو گوگل سرچ، گوگل میپس اور اینڈرائیڈ نوٹیفکیشنز کے ذریعے بھی عام کیا گیا۔
یہ تفصیلات گوگل کی فلڈ ہب ویب ایپ پر بھی دستیاب ہیں، جو 2022 سے کام کر رہی ہے۔