دنیا
Time 24 مارچ ، 2024

مغربی کنارے کے شہر طولکرم میں اسرائیلی فوجی افسر سمیت چار فوجی ہلاک

مغربی کنارے کے شہر طولکرم میں اسرائیلی فوجی افسر سمیت چار فوجی ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق القدس بریگیڈ کا کہنا ہےکہ ہلاک چاروں اسرائیلی فوجی کار  میں سوار تھے۔

دوسری جانب اسرائیل نے ایک فوجی کی ہلاکت اور 7 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

اس کے علاوہ حماس کی قید میں موجود ایک اسرائیلی دوا نہ ملنے اور غذا کی کمی کے باعث  مرگیا، حماس نے مغوی کی ویڈیو بھی جاری کر دی۔

اس کے علاوہ حماس نے الشفا کمپلیکس کا گھیراؤ کرنے والے مزید اسرائیلی ٹینک تباہ کرکے متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی کر دیے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز بھی حماس نے  الشفا کمپلیکس کا گھیراؤ کرنے والے اسرائیلی ٹینک پر راکٹ حملے کرکے انہیں تباہ کیا تھا۔

واضح رہے فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 32 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے اور 74 ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں، شہید اور زخمی ہونے والوں میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔


مزید خبریں :