24 مارچ ، 2024
روس کی جانب سے یوکرین کے مغربی علاقے لویو میں توانائی کے انفرااسٹرکچر پر میزائل حملےکیے گئے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق اتوار کو ہونے والے ان حملوں میں روسی میزائل کچھ دیر کے لیے پولینڈ کی فضائی حدود میں بھی رہے۔
یوکرینی حکام کے مطابق روسی حملے میں کُل 57 میزائل اور ڈرون استعمال کیے گئے۔
دو روز قبل بھی روس کی جانب سے یوکرین کے توانائی کے انفرااسٹرکچر پر حملےکیےگئے تھے۔
لویو کے گورنر کا کہنا تھا کہ روسی حملے میں کنزہل ہائپر سانک میزائل استعمال کیے گئے جنہیں مار گرانا مشکل ہوتا ہے۔
یوکرینی وزیر توانائی نے بتایا کہ لویو کے علاقے میں توانائی کے انفرااسٹرکچر پر حملے کے نتیجے میں وہاں نصب آلات میں آگ لگ گئی اور پیداوار بند ہوگئی۔
یوکرینی ائیرفورس کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے 29 میں 18 میزائلوں اور 28 میں سے 25 ڈرونز کو مار گرایا۔
اتوار کی صبح یوکرینی دارالحکومت کیف کو بھی روسی حملوں کا نشانہ بنایا گیا تاہم حکام کا کہنا ہے کہ کیف کے اطراف میں درجن بھر کے قریب میزائلوں کو مار گرایا گیا اور اس حملے سے معمولی نقصان ہی ہوا۔
یوکرین کے وزیر توانائی کا کہنا ہے کہ اتوار کو یوکرین کے توانائی کے نظام پر ہونے والے حملوں کے نتیجے میں یوکرین نے بجلی کی برآمدات کو روک کر بجلی کی درآمدات میں اضافہ کردیا ہے۔