دنیا
Time 06 مارچ ، 2024

جنگی جرائم کا الزام: عالمی فوجداری عدالت سے دو روسی کمانڈروں کے وارنٹ گرفتاری جاری

دونوں کمانڈر 10 اکتوبر 2022 سے 9 مارچ 2023 تک یوکرین کے بجلی کے انفراسٹرکچر پر میزائل حملوں کے ذمہ دار تھے: عالمی فوجداری عدالت/ فائل فوٹو
دونوں کمانڈر 10 اکتوبر 2022 سے 9 مارچ 2023 تک یوکرین کے بجلی کے انفراسٹرکچر پر میزائل حملوں کے ذمہ دار تھے: عالمی فوجداری عدالت/ فائل فوٹو

عالمی فوجداری عدالت نے یوکرین میں مبینہ جنگی جرائم کے الزام میں روسی فوج کے دو کمانڈروں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بین الاقوامی فوجداری عدالت نے مبینہ جنگی جرائم کے الزام میں دو اعلیٰ سطح کے روسی کمانڈروں سرگئی کوبیلاش اور وکٹر سوکولوف کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔

عدالت نے کہا ہے کہ یہ دونوں کمانڈر 10 اکتوبر 2022 سے 9 مارچ 2023 تک یوکرین کے بجلی کے انفراسٹرکچر پر میزائل حملوں کے ذمہ دار تھے۔

عدالت نے مزید کہا کہ اس مدت کے دوران روسی افواج نے یوکرین کے مختلف مقامات پر متعدد بجلی گھروں اور سب اسٹیشنوں پر حملے کیے تھے۔

عدالت کے مطابق یوکرین کے الیکٹریکل گرڈ پرسرگئی کوبیلاش اور وکٹر سوکولوف کی قیادت میں حملوں نے شہریوں کو جو نقصان پہنچایا وہ کسی بھی متوقع فوجی فائدے کے مقابلے میں بہت زیادہ تھا۔

گزشتہ سال مارچ میں عالمی فوجداری عدالت نے یوکرینی بچوں کے اغوا سے متعلق جنگی جرائم کے الزام میں روسی صدر پیوٹن اور چلڈرن کمشنر ماریہ لیووا بیلووا کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے تاہم کریملن نے ان الزامات کو مسترد کر دیا تھا۔

مزید خبریں :