26 مارچ ، 2024
نیویارک: پاکستان نے غزہ پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم کیا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے اپنے بیان میں غزہ پر اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قرارداد پر فوری عمل کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2728 کی منظوری کا خیر مقدم کرتا ہے۔
منیر اکرم نے کہا کہ اس قرارداد میں رمضان المبارک کے دوران غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے، قرارداد میں غزہ میں شہریوں کے تحفظ، انسانی امداد بڑھانے اور اسے تقویت دینے پر زور دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قرارداد کو غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ مہم کو روکنے کے لیے پہلا قدم قرار دیتے ہیں، پاکستان فلسطین کو محفوظ اور خود مختار ریاست بنانےکیلئے فعال طورپر کام کرتا رہے گا، پاکستان مسئلہ فلسطین کے منصفانہ، جامع اور پائیدار حل کیلئے بھی کام کرتا رہے گا۔
منیر اکرم کا کہنا تھا کہ ایک ایسی فلسطینی ریاست جو جون 1967 سے پیشگی سرحدوں پر قائم ہو، ایک ایسی فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔