Time 26 مارچ ، 2024
پاکستان

وزیر اعظم کا بڑے ٹیکس دہندگان کو بلیو پاسپورٹ اور اعزازی سفیر کا درجہ دینےکا اعلان

اگلے ماہ آئی ایم ایف سے قسط مل جائے گی مگر آئی ایم ایف کے ساتھ ایک اورپروگرام کرنا ہے, وزیراعظم/ فوٹو: اسکرین گریب
اگلے ماہ آئی ایم ایف سے قسط مل جائے گی مگر آئی ایم ایف کے ساتھ ایک اورپروگرام کرنا ہے, وزیراعظم/ فوٹو: اسکرین گریب

وزیراعظم شہباز شریف نے بڑے ٹیکس دہندگان کو  بلیو پاسپورٹ  اور  اعزازی سفیر کا درجہ دینے کا  اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد میں ٹیکس ایکسی لینس ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج ایوارڈ حاصل کرنے والوں کو بلیو  پاسپورٹ اور  پاکستان کے اعزازی سفیرکا درجہ دیا جائےگا۔

وزیراعظم نےکہا گاڑی کے دوپہیے ہیں، ایک نجی سیکٹر اور دوسرا حکومت  اور  وفاقی حکومت کو صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کرنجی سیکٹرکی مدد کرنی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کاروبار کرنا حکومت کا کام نہیں بلکہ ٹیکس دہندگان کو بہتر ماحول فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے،  معیشت  مضبوط ہوتی ہے توقوم کی آواز سنی جاتی ہے، کمزور معیشت کی آواز کوئی نہیں سنتا۔

وزیر اعظم نے تقریب کے شرکا سے کہا کہ قرضے لے کر تنخواہیں ادا کررہےہیں اور ترقیاتی کام کروارہے ہیں آخر ہم کب تک قرضے کی زندگی گزاریں گے۔

آئی ایم ایف سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ  آئی ایم ایف کا پروگرام استحکام کے لیے ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ ہوگیا ہے اور اگلے ماہ قسط مل جائے گی مگر آئی ایم ایف کے ساتھ ایک اور پروگرام کرنا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطین سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت جاری رکھےگا۔

مزید خبریں :